اردو | हिन्दी | English
313 Views
Uncategorized

انٹر سائنس اور آرٹس ٹاپر کے ریزلٹ پر روک

Inter-Science-or-Art
Written by Taasir Newspaper
میرٹ کی ازسرنو جانچ ہوگی ،رد بھی ہوسکتا ہے ریزلٹ، بورڈ کے چیئرمین کی کرسی بھی خطرے میں،وزیر تعلیم نے کہا قصوروار بخشے نہیں جائیں گے

پٹنہ، یکم جون(اسٹاف رپورٹر):بہار اسکول اکزامنیشن بورڈ کے انٹر سائنس اور انٹر آرٹس کے ٹاپرس کی میرٹ پر سوالیہ نشان لگنے کے بعد حکومت سکتے میں ہے۔ بہار کے تعلیمی نظام میں تعلیمی مافیاؤں کے سرگرم ہونے کا ثبوت ملنے کے بعد وزیر تعلیم اشوک چودھری نے اس پورے معاملے کی جانچ کا حکم دے دیا ہے۔ دوسری طرف بورڈ نے تنازعہ کے گھیرے میں آئے انٹر سائنس کے ٹاپر سورو سریشٹ اور انٹر آرٹس ٹاپر روبی رائے کے ریزلٹ پرروک لگا دی ہے اور ان کی صلاحیت کا اندازہ لگانے کیلئے انہیں بورڈ طلب کرلیا گیا ہے۔یہ ٹاپراب اس ریزلٹ کی بنیاد پر کہیں داخلہ بھی نہیں لے سکیں گے۔ تازہ ترین اطلاع کے مطابق بہار بورڈ کے دفتر میں ایک ہنگامی میٹنگ طلب کر کے اس معاملے پر غور وخوض کیا جارہا ہے۔ خبر گرم ہے کہ اس معاملے میں بورڈ کے چیئرمین پروفیسر لال کشور پرساد سنگھ کو عہدے سے محروم بھی کیا جاسکتا ہے۔ چیئرمین جنتا دل یو کی رہنما اوشا سنہا کے شوہر ہیں۔ خیال رہے کہ گذشتہ دنوں بہار بورڈ کے انٹر سائنس اور آرٹس کے ٹاپرس سے میڈیا نے کچھ سوالات پوچھے تھے ،آرٹس ٹاپر روبی رائے پالیٹیکل سائنس سبجیکٹ کا صحیح نام بھی نہیں بتاسکی ۔ اس نے یہ بھی بتایا کہ پالیٹیکل سائنس میں کھانے بنانے کا طریقہ بتایا جارہا ہے۔ اسے امتحان کے مجموعی نمبر کا بھی علم نہیں ہے۔ اسی طرح انٹر سائنس کے ٹاپر پروٹان اور الیکٹران کے بارے میں نہیں بتاسکے۔ یہ خبر عام ہونے کے بعد بورڈ میں کھلبلی مچ گئی۔وزیر تعلیم اشوک چودھری نے کہا ہے کہ امتحان گھوٹالے میں قصوروار پائے جانے والے عناصر کے خلاف سخت کارروائی ہوگی اور انہیں ملازمت سے بھی محروم کیا جاسکتا ہے۔انہوں نے کہا کہ حکومت کی شبیہ پرآنچ نہیں آنے دی جائے گی۔ سسٹم میں شامل لوگوں کی ذمہ داری طے کی جائے گی۔ حکومت نے پوری سختی کے ساتھ امتحان لیا ، ہر سنٹر پر سی سی ٹی وی سے نگرانی کی گئی۔ اس کے باوجود بھی چوک کہاں ہوئی اسے دیکھا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ اس معاملے میں قصوروار اسکول انتظامیہ ، بورڈ اور کونسل کے ذمہ داروں پر بھی کارروائی کی جائے گی اور کسی بھی قصوروار کو بخشا نہیں جائے گا۔ وزیر تعلیم نے کہا کہ ہر اسٹریم کے ٹاپ 5 امیدواروں کا انٹرویو لے کر ان کی میرٹ کی جانچ کی جائے گی۔

About the author

Taasir Newspaper