اردو | हिन्दी | English
576 Views
Sports

انگلینڈ کوہر حال میں ہرانا ہوگا :ا سمتھ

smith
Written by Taasir Newspaper

لندن، 06 جون (یو این آئی) چمپئنز ٹرافی میں بنگلہ دیش کے خلاف بارش کی وجہ سے میچ بغیر نتیجہ رہنے سے مایوس عالمی چمپئن آسٹریلیا کے کپتان اسٹیون اسمتھ نے کہا ہے کہ ٹورنامنٹ میں ان کے لیے مساوات بالکل واضح ہیں کہ انہیں میزبان انگلینڈ کے خلاف اپنا آخری گروپ میچ ہر حال میں جیتنا ہوگا۔اپنے دونوں میچوں میں بارش کی مار جھیل چکی آسٹریلیا کے دو میچوں میں سے دو پوائنٹس ہیں اور اب اس کے لئے انگلینڈ کے خلاف ہفتہ کو برمنگھم میں ہونے والا آخری لیگ میچ کرو یا مرو کا مقابلہ ہو گیا ہے ۔یہ بھی دلچسپ ہے کہ بارش نے جہاں پہلے میچ میں عالمی چمپئن کو نیوزی لینڈ کے ہاتھوں ممکنہ شکست سے بچایا تھا وہیں بنگلہ دیش کے خلاف ممکنہ جیت سے اسے محروم کر دیا۔اسمتھ نے کہاکہ بارش کی وجہ سے دونوں میچوں میں نتیجہ نہ نکل پانا مایوس کن ہے لیکن موسم کے بارے میں آپ کو کچھ کہہ نہیں سکتے ۔ہمارے لیے اب مساوات جیسی کوئی بات نہیں ہے ۔ یہ ہی حقیقت ہے کہ ہم انگلینڈ کو شکست دے کر ہی ٹورنامنٹ میں رہ سکتے ہیں۔سرکردہ بلے باز نے کہاکہ بنگلہ دیش کے خلاف ہمارے لیے ایک بہتر موقع تھا لیکن موسم کے آگے کچھ نہیں چلتا۔مجھے لگتا ہے کہ اس طرح کے بڑے ٹورنامنٹوں کے لئے میدان کے عملے کو زیادہ مستعدی دکھانی چاہیے لیکن یہ سب کھیل کا حصہ ہے اور ہمیں اس کے ساتھ میں لے کر ہی چلنا ہوتا ہے ۔آسٹریلیا کے دو میچوں سے اب دو پوائنٹس ہو گئے ہیں جبکہ بنگلہ دیش کا دو میچوں میں ایک پوائنٹ ہے ۔ آسٹریلیا کو اپنا آخری گروپ میچ انگلینڈ سے کھیلنا ہے جبکہ بنگلہ دیش کا آخری گروپ میچ نیوزی لینڈ سے ہونا ہے ۔ بنگلہ دیش نے اپنا پہلا میچ انگلینڈ سے گنوایا تھا۔آسٹریلیا نے بنگلہ دیش کو 44.3 اوور میں 182 رن پر ڈھیر کرنے کے بعد 16 اوور میں ایک وکٹ پر 83 رن بنا لئے تھے کہ بارش ہونے کی وجہ سے کھیل ممکن نہیں ہو پایا اوربالآخر میچ بغیر کسی نتیجے کے ختم ہو گیا۔آسٹریلیا کی اننگز میں اگر 20 اوور ہو جاتے تو وہ یہ میچ جیت سکتا تھا۔ لیکن مسلسل بارش نے گراؤنڈمین کوکور ہٹانے کا موقع ہی نہیں دیا۔ آسٹریلیا کی اننگز میں آرون فنچ 19 رن بنا کر روبیل حسین کی گیند پر ایل بی ڈبلیو ہوئے ۔ ڈیوڈ وارنر 40 اور کپتان اسٹیون اسمتھ 22 رن پر ناٹ آؤٹ رہے ۔ آسٹریلیا کو اب سیمی فائنل میں داخلے کے لئے انگلینڈ سے اپنا آخری میچ ہر حال میں جیتنا ہوگا جبکہ بنگلہ دیش کے پاس ایک پوائنٹس کے ساتھ امید کی ہلکی سی کرن ہے ۔ لیکن ابھی اسے انگلینڈ۔نیوزی لینڈ کے میچ کے نتائج کا انتظار کرنا پڑے گا۔اس سے قبل اوپنر تمیم اقبال کی 95 رن کی اننگز کے باوجود بنگلہ دیش کی ٹیم 44.3 اوور میں 182 رن پر ڈھیر ہو گئی۔ بنگلہ دیش نے ٹاس جیت کر پہلے بلے بازی کرنے کا فیصلہ کیا لیکن تمیم کے علاوہ دیگر کوئی بلے باز وکٹ پر ٹکنے کی ہمت نہیں دکھا پایا۔ تمیم نے 114 گیندوں پر 95 رن کی اننگز میں چھ چوکے اور تین چھکے لگائے ۔تمیم نے گزشتہ میچ میں بھی انگلینڈ کے خلاف 128 رن کی شاندار اننگز کھیلی تھی۔ وہ مسلسل دوسری سنچری بنانے سے محض پانچ رن سے رہ گئے ۔ تمیم ساتویں بلے باز کے طور پر 181 کے اسکور پر آؤٹ ہوئے اور ان کے آؤٹ ہوتے ہی بنگلہ دیش کی اننگز 182 رن پر سمٹ گئی۔شکیب الحسن اور مہدی حسن میراج دہائی کے عدد تک پہنچنے والے دو دیگر بلے باز رہے ۔ ثاقب نے 29 اور میراج نے 14 رن بنائے ۔تیز گیند باز مشیل اسٹارک نے بنگلہ دیش کو سب سے زیادہ نقصان پہنچایا۔ اسٹارک نے 29 رن دے کر چار وکٹ حاصل کئے ۔ اسٹارک نے 43 ویں اوور میں چار گیندوں کے وقفے میں تمیم سمیت تین وکٹ لے کر بنگلہ دیش کا شیرازہ بکھیر دیا۔ آدم جمپا نے 13 رن پر دو وکٹ لئے ۔

About the author

Taasir Newspaper