اردو | हिन्दी | English
312 Views
Sports

بھارت کا اندور میں سو فیصد ریکارڈ

virat
Written by Tariq Hasan

اندور، 05 اکتوبر (یواین آئی) ہندوستان اور نیوزی لینڈ کے درمیان اندور میں آٹھ اکتوبر سے کھیلے جانے والا تیسرا اور آخری ٹیسٹ ھولکر کرکٹ اسٹیڈیم پر پہلا ٹیسٹ میچ ہوگا۔ ھولکر کرکٹ اسٹیڈیم پر بین الاقوامی میچوں کا آغاز اپریل 2006 میں ہندوستان اور انگلینڈ کے درمیان ون ڈے میچ سے ہواتھا۔ اس میدان پر اب تک چار ون ڈے میچ کھیلے گئے ہیں اور چاروں میں ہی ہندوستان فاتح رہا ہے ۔ اس میدان پر یہ پہلا ٹیسٹ میچ کھیلا جائے گا۔ہندوستان نے کانپور کے گرین پارک میں اپنی ٹیسٹ تاریخ کا 500 واں میچ 197 رن سے اور کولکتہ کے ایڈن گارڈن میں اپنا گھریلو 250 واں میچ 178 رن کے فرق سے جیت کر سیریز میں نہ صرف دو۔صفر کی برتری حاصل کر لی بلکہ پاکستان کو پیچھے کرکے ٹیسٹ رینکنگ میں نمبر ایک کا مقام بھی حاصل کر لیا ہے ۔ کپتان وراٹ کوہلی اندور میں ٹیم انڈیا کی بہترین کارکردگی کے سلسلے کو اس میچ میں بھی برقرار رکھ کر ٹیسٹ سیریز تین ۔صفر سے اپنے نام کرنے کی پوری کوشش کریں گے ۔ہندوستان نے ھولکر میدان میں 15 اپریل 2006 کو انگلینڈ کو سات وکٹوں سے 17 نومبر 2008 کو انگلینڈ کو 54 رن سے ، آٹھ دسمبر 2011 کو ویسٹ انڈیز کو 153 رن سے اور 14 اکتوبر کو 2015 کو جنوبی افریقہ کو 22 رن سے شکست دی تھی۔ یہی وہ میدان ہے جہاں وریندر سہواگ نے 2011 میں ویسٹ انڈیز کے خلاف ون ڈے میں 219 رن کی اننگز کھیل کر سچن تندولکر کے 200 رن کا ریکارڈ توڑا تھا۔وراٹ کوہلی کی قیادت والی ٹیم انڈیا کے پاس اندور میں سنہریٰ موقع ہوگا کہ وہ نیوزی لینڈ کے خلاف پہلی بار تین ۔صفر سے کلین سویپ کرے ۔اس سے پہلے ہندوستان نے 68۔1967میں نیوزی لینڈ کے خلاف چار میچوں کی سیریز تین ۔ایک سے جیت لی تھی۔ یہی وہ موقع تھا جب ہندوستان نے نیوزی لینڈ سے کسی سیریز میں تین ٹیسٹ جیتے تھے ۔ تب ہندوستانی ٹیم کے کپتان نواب پٹودی تھے ۔ ہندوستان کو اپنی نمبر ایک رینکنگ برقرار رکھنے کیلئے اندور میچ کو جیتنے یا ڈرا رکھنے کی ضرورت ہے ۔ہندوستان اگر اندور ٹسٹ جیتنے میں کامیات رہا تو وہ نمبر ایک کی رینکنگ کی پوزیشن سے پاکستان کو دور کردے گا ۔سریز تین۔صفرسے جیتنے کی صورت میں ہندوستان کے 115 پوائنٹس اوردو۔صفر سے جیتنے کی صورت میں 113 پوائنٹس ہو جائیں گے ۔ پاکستان کی ٹیم اگر ویسٹ انڈیز کو شکست بھی دیتا ہے تو وہ 112 پوائنٹس تک ہی پہنچ پائے گا۔ اگر نیوزی لینڈ آخری ٹیسٹ جیت جاتا ہے تو انڈیا کے 111 پوائنٹس رہیں گے تو اس صورت میں پاکستان کے پاس اپنی رینکنگ دوبارہ حاصل کرنے کا موقع رہے گا۔ پاکستان اور ویسٹ انڈیز دبئی میں 13 اکتوبر سے پہلا ٹیسٹ کھیلنے اتریں گے ۔

About the author

Tariq Hasan