اردو | हिन्दी | English
285 Views
Uncategorized

بہار اور جھارکھنڈ میں زلزلہ

earthquake
Written by Taasir Newspaper

پٹنہ 13 اپریل (اسٹاف رپورٹر): آج شام تقریباََ 7.30 بجے پٹنہ اور پٹنہ کے آس پاس زلزلہ کے جھٹکے محسوس کئے گئے۔ اس کے فوراََ بعد ہی ریاست اور بیرون ریاست سے زلزلہ کی خبریں آنے لگیں۔ بتایا جاتا ہے کہ رانچی اور جھارکھنڈ کے دیگر علاقوں میں بھی زلزلہ کے جھٹکے محسوس کئے گئے۔جنوبی بہار کے تقریباََ تمام علاقوں میں زلزلہ کا اثر محسوس کیا گیا۔ بتایا جاتا ہے کہ شام 7.30 بجے جیسے ہی زلزلہ محسوس ہوا لوگ اپنے گھروں سے باہر نکلنے لگے ،سڑکوں پر بھی افراتفری مچ گئی۔ موصولہ اطلاع کے مطابق بہار کے بھوجپور،بھاگلپور ،مونگیر ، جموئی ، بانکا ،بہار شریف ،نوادہ ،گیا ،روہتاس ،بکسر ،سمستی پور ، آرہ، بیگو سرائے، سہرسہ، ارریہ، مدھوبنی، پورنیہ، کھگڑیا، گوپال گنج، نالندہ، اورنگ آباد، ویشالی اور دیگر تمام جگہوں پر زلزلہ محسوس کیا گیا۔ ادھرریاستی حکومت نے کسی بھی ناخوشگوار حالات سے نپٹنے کیلئے تمام اعلیٰ افسران کو ہدایت دے دی ہے۔ پٹنہ ضلع سے بھی عوام کو خبردار کیا گیا ہے کہ وہ کسی بھی افواہ پر دھیان نہ دیں ۔ گھر وں کی کھڑکیاں اور دروازے بند نہ رکھیں اور اگر تنگ علاقوں میں رہائش ہو تو کھلے میدان میں آجائیں۔ کسی بھی طرح کی افواہ پر دھیان نہ دیں۔ دوسری جانب جھارکھنڈ کے مختلف علاقوں سے بھی زلزلہ کے اثرات کی خبریں لگاتار موصول ہورہی ہیں۔ بتایا جاتا ہے کہ جھارکھنڈ کے رانچی، دیو گھر، دھنباد اور دوسرے تمام علاقوں میں زلزلے کا زوردار جھٹکا محسوس کیا گیا۔ وہاں بھی لوگ اپنے اپنے گھروں سے باہر نکل کر سڑکوں پر آگئے۔ دونوں ریاستوں میں سے کہیں بھی کسی ناخوشگوار واقعہ یا کسی جانی نقصان کی اطلاع نہیں ہے۔ زلزلہ کے اثرات تقریباََ 7 سے 8 منٹ تک رہے ،لوگ بری طرح ڈرے سہمے ہوئے ہیں۔وہ کاٹھمنڈوں میں زلزلہ سے ہوئے نقصانات کو ابھی تک بھول نہیں پائے ہیں انہیں اس بات کا خدشہ ہے کہ کہیں ویسی ہی حالات یہاں بھی پیدا نہیں ہوجائے۔ (باقی صفحہ 7 پر)
سرکاری ذرائع کے مطابق محکمہ ڈیزاسٹر مینجمنٹ کے افسران نے تمام علاقائی افسران سے رابطہ قائم کرصورتحال پر نظر رکھنے کی ہدایت دی ہے۔ ذرائع کے مطابق محکمہ ڈیزاسٹر مینجمنٹ زلزلہ سے محفوظ رکھنے کی تدابیر کو عوام تک پہنچانے کے مختلف تدابیر سے وقت وقت پر عوام کو باخبر کرنے کی کوشش کرتا رہا ہے۔ محکمہ کو یقین ہے کہ بہار کے عوام کوزلزلہ سے نپٹنے کا طریقہ معلوم ہے۔ وہ بلاخوف اس صورتحال کا مقابلہ کرسکتے ہیں۔

About the author

Taasir Newspaper