اردو | हिन्दी | English
402 Views
Entertainment

تاپسی کو زندگی میں کن نازیبا حرکات کا سامنا کرنا پڑا

tapsi
Written by Tariq Hasan

ممبئی،21،ستمبر (پی ایس آئی)معاشرے میں پھیلے درندگی کے واقعات سے ہر شعبہ زندگی سے تعلق رکھنے والی خواتین متاثر ہیں لیکن اب بالی ووڈ اور مقامی تامل فلم نگری کی صف اول کی اداکارہ تاپسی پنوں نے اپنی زندگی کے ایسے ہی دلخراش واقعات سے پردہ اٹھایا ہے جس نے سب کو حیران کردیا ہے۔معاشرے میں خواتین کے ساتھ چھیڑ چھاڑ اور ہتک آمیز رویہ کوئی نیا نہیں جس کا برملا اظہار اب بالی ووڈ اداکارائیں بھی کرنے لگی ہیں جب کہ اس حوالے سے ادکارہ تاپسی پنوں کا کہنا ہے کہ زمانہ طالب علمی میں بس کے ذریعے ہی کالج جاتی تھی اور 2 سال تک بس میں سفر کے دوران کوئی ایسا دن نہیں تھا جس دن مجھے چھیڑ خانی کا سامنا نہ کرنا پڑتا ہو۔اپنی فلم ’’پنک‘‘ کی تشہیری مہم کے دوران انٹرویو میں اداکارہ تاپسی پنوں کا کہنا تھا کہ نئی دہلی میں بس کے ذریعے ہی کالج جاتی تھی اور کالج کا سفر انتہائی تکلیف دہ ہوتا تھا، کئی بار سفر کے دوران لوگ مجھے غلط طریقے سے چھوتے اور مجھ پر گرجاتے تھے جب کہ لوگوں کی اس طرح کی حرکتیں برداشت کرتے کرتے تھک گئی تھی کیوں کہ معاشرے میں عورت کا مقام ہی برداشت کرنا ہے۔واضح رہے کہ نئی دہلی میں چلتی بس میں طالبہ کے ساتھ اجتماعی زیادتی کے واقعے نے پوری دنیا کو جھنجوڑ کر رکھ دیا تھا جس کے بعد حکومتی اقدامات کے باوجود آئے روز خواتین کی عصمت دری کے واقعات رونما رپورٹ ہوتے رہتے ہیں جس پر عالمی برادری نے بھارت کو خواتین کے لیے غیر محفوظ ملک قرار دے دیا ہے۔

About the author

Tariq Hasan