اردو | हिन्दी | English
201 Views
Politics

جھارکھنڈ میں ملک کی تیسری دفاعی یونیورسٹی کا افتتاح

raghuwar
Written by Tariq Hasan

رانچی 03اکتوبر (معیز الدین خان) :جھارکھنڈ میں آج دفاعی طاقت یونیورسٹی کا افتتاح ریاست کی گورنر دوپدی مرمو اور وزیر اعلیٰ رگھوور داس کے ہاتھوں عمل میںآیا ۔ یہ اپنی نوعیت کی ملک کی تیسری یونیورسٹی ہے۔ اس موقع پر گورنر دوپدی مرمو نے کہا کہ اس یونیورسٹی کا قیام عوامی مفاد میں اٹھایا گیا ایک بڑا قدم ہے فوجی اور پولس خدمات میں جانے کیلئے یہاں کے نوجوانوں میں جوش پایا جاتا ہے وہ محنت تو کرتے ہیں لیکن مناسب رہنمائی نہ ہونے کے سبب کامیاب نہیں ہوپاتے ہیں اب یہ یونیورسٹی ایسے نوجوانوں کو ضروری رہنمائی فراہم کرنے میں کامیاب ہوگی ۔ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعلیٰ نے کہا کہ جھارکھنڈ انڈسٹریل سیکورٹی فورس کی تشکیل جلد ہی عمل میں آئے گی۔ جس میں ریاست کے لوگوں کو شامل کیا جائے گا۔ ریاست میں ہنر مند انسانی وسائل کو فروغ دینے کی ضرورت ہے۔ حکومت ریاست کے نوجوانوں کو بااختیار بنائے گی تاکہ عالمی اقتصادی پس منظرمیں ریاست کے نوجوان اپنی صلاحیتوں کا اظہار کرکے ریاست کو ترقی کی راہ پر گامزن کرسکیں۔

About the author

Tariq Hasan