اردو | हिन्दी | English
727 Views
Technology

دنیا کا پہلا مکمل طور پر بجلی سے چلنے والا بحری جہاز

ship-1495820652-928-640x480
Written by Taasir Newspaper

ناروے: عالمی سمندروں میں اس وقت سیکڑوں بحری جہاز ایک سے دوسرے ملک جا رہے ہیں اور ان کا شور، رسنے والا تیل اور دیگر آلودگیاں سمندروں کو متاثر کر رہی ہیں اس کے لیے ناروے کی کمپنی یارا دنیا کا پہلا مکمل طور پر بجلی سے چلنے والا بحری جہاز بنا رہی ہے جو کسی حد تک خودکار بھی ہے۔ یارا نے ایک اور ٹیکنالوجی کمپنی کانگسبرگ کے تعاون سے الیکٹریکل شپ یعنی برقی بحری جہاز پر کام شروع کر دیا ہے جو اگلے سال کے آخر میں پانی میں اتارا جائے گا۔ اس جہاز کو یارا برکلینڈ کا نام دیا گیا ہے جو سمندر کے کنارے واقع دو شہروں بریوک سے لاروک تک کیمیائی مادے اور مصنوعی کھادیں (فرٹیلائزر) لے کر آئے گا۔ 2018 تک اسے نیم خودکار اور 2020 تک مکمل طور پر آٹومیٹک بنایا جا سکے گا۔ اس طرح اسے چلانے کے لیے کسی انسان کی ضرورت نہیں رہے گی۔ فی الحال ایک سے دوسری جگہ یہ سامان پہنچانے کے لیے 40 ہزار ٹرک استعمال ہو رہے ہیں۔ بحری جہاز کے استعمال سے ایک جانب تو کاربن ڈائی آکسائیڈ اور دیگر زہریلی گیسوں کو کم کرنے میں مدد ملے گی تو دوسری جانب 40 ہزار ٹرکوں کی ضرورت نہیں رہے گی۔ بیٹری سے چلنے والا یہ جہاز کئی طرح سے ماحول دوست ثابت ہو گا۔ اگرچہ سمندروں میں خود کار بحری جہازچلانے میں کئی قانونی اور تکنیکی مشکلات حائل ہیں لیکن ناروے ایک عرصے سے اس پر غور کر رہا ہے۔ حال ہی میں ناروے کی ساحلی انتظامیہ اور ناروے میری ٹائم اتھارٹی کے درمیان ایک معاہدہ ہوا ہے جس کے تحت ایک مخصوص گوشے کو خود کار بحری جہازوں کے لیے مخصوص کیا گیا ہے۔

About the author

Taasir Newspaper