اردو | हिन्दी | English
549 Views
Sports

دھونی لنگی ڈانس کرتے ہوئے نظر آئیں گے

MAHINDR SINGH DHONI
Written by Tariq Hasan

نئی دہلی، 19 مئی (یو این آئی) سابق ہندستانی کپتان مہندر سنگھ دھونی ایک بہترین کھلاڑی اور زبردست فنشر مانے جاتے ہیں لیکن وہ جلد ہی اپنے مداحوں کو لنگی ڈانس کرکے اپنی چھپی ہوئی صلاحیت سے روشناس کرائیں گے۔ آئی پی ایل میں اپنی ٹیم پنے رائزنگ سپر جائنٹس کو پہلی مرتبہ فائنل میں پہنچنے میں اہم تعاون دینے والے دھونی دراصل ایک اشتہار میں مشہور ڈانسر اور ایکٹر پربھو دیوا کے ساتھ نظر آئیں گے جس میں وہ جنوبی ہندستان کی طرز پر لنگی پہن کر تھرک رہے ہوں گے۔ اس اشتہار میں دھونی نے سنہرے رنگ کی قمیض اور سنہر ے بارڈر والی سفید رنگ کی روایتی لنگی زیب تن کی ہوئی ہے۔ اس کے علاوہ انہوں نے سنہری گھڑی بھی پہنی ہوئی ہے اور اس لباس میں پوری طرح جنوبی ہندستان کے باشندہ نظر آرہے ہیں۔ رانچی کے رہنے والے دھونی اور پربھو دیوا نے اس اشتہار میں رجنی کانت اسٹائل کے کچھ ڈانس ایکشن بھی دکھائے ہیں۔ میدان پر نہایت پرسکون رہنے والے دھونی کو رقص کرتے ہوئے دیکھنا ان کےمداحوں کے لئے ایک الگ تجربہ ہوگا۔ اس سے قبل وکٹ کیپر بلے باز ،پنے ٹیم کے اشتہار میں بھی ڈانس کرتے ہوئے نظر آئے تھے لیکن اس بار لنگی پہن کر ان کا ایک مختلف انداز ہوگا۔ ہندستانی کرکٹ ٹیم کی کپتانی چھوڑ چکے دھونی آج بھی اپنے تجربے اور کرکٹ کی زبردست سوجھ بوجھ کے لئے کرکٹ شائقین میں مشہور ہیں اور میدان پر اپنے مخصوص شاٹس کے ساتھ بائیک کے شوق، بالوں کے مختلف اسٹائل، ان کی زندگی سے منسلک مختلف پہلو ، ان کے مداحوں میں کافی مقبول ہیں۔ آئی پی ایل کے 10 ویں سیزن کے فائنل میں کھیلنا بھی دھونی کے لئے ایک بڑی کامیابی ہے اور اگر وہ پہلی مرتبہ پنے کو چمپئن بنانے میں اہم کردار ادا کرتے ہیں تو پھر امید ہے کہ میدان پر بھی ان کے مداحوں کو ان کا لنگی ڈانس دیکھنے کو مل جائے۔
آئی پی ایل 10 کا فائنل 21 مئی کو حیدرآباد میں ہوگا۔

About the author

Tariq Hasan