اردو | हिन्दी | English
292 Views
Sports

روہت کی نصف سنچری ، ہندوستان کو مضبوط برتری

rohit
Written by Tariq Hasan

کولکتہ، 02 اکتوبر (یو این آئی) روہت شرما (82) کی شاندار نصف سنچری اور ان کی وکٹ کیپر ردھمان ساہا (ناٹ آؤٹ 39) کے ساتھ ساتویں وکٹ کے لئے 103 رنز کی قیمتی شراکت کی بدولت ہندوستان نے نیوزی لینڈ کے خلاف دوسرے کرکٹ ٹیسٹ کے تیسرے دن اتوار کو آٹھ وکٹ پر 227 رنز بنا کر 339 رنز کی مضبوط برتری حاصل کر لی۔روہت اور ساہا نے ہندستان کو چھ وکٹ پر 106 رن کی نازک صورت حال سے نکالا اور دن کے اختتام تک مضبوط پوزیشن میں پہنچا دیا۔روہت نے 132 گیندوں پر 82 رنز کی بہترین اننگز میں آٹھ چوکے اور دو چھکے لگائے جبکہ پہلی اننگز میں ناٹ آؤٹ نصف سنچری بنانے والے ساہا نے اپنی بہترین کارکردگی جاری رکھتے ہوئے 87 گیندوں پر ناٹ آؤٹ 39 رنز میں تین چوکے لگائے ۔پہلی اننگز میں محض دو رن بنانے والے روہت نے دوسری اننگز میں خود کو قابل قدر ثابت کرتے ہوئے 82 رنز بنائے جس میں ان کے کیریر کی چھٹی ٹیسٹ نصف سنچری ہے ۔ان کی اس اننگز کی بدولت ہندستان نے اپنی برتری 339 رنز پہنچا کر اپنی پوزیشن کافی مضبوط کر لی ہے ۔ اس میدان پر چوتھي اننگز میں کسی غیر ملکی ٹیم کی طرف سے بنایا گیا سب سے زیادہ اسکور 233 رنز کا ہے جو انگلینڈ نے 1961۔62 میں بنایا تھا۔پہلی اننگز میں 112 رنز کی بڑی برتری حاصل کرنے کے بعد ہندستان کی دوسری اننگز میں شروعات خراب رہی۔اوپنر مرلی وجے دوسری اننگز میں بھی سستے میں ہی آؤٹ ہو گئے ۔ وجے نے سات رنز بنائے ۔وہ پہلی اننگز میں نو رنز ہی بنا سکے تھے ۔تاہم کانپور میں پہلے ٹیسٹ میں انہوں نے دونوں اننگز میں نصف سنچری بنائی تھیں ۔
فلو میں مبتلا چتیشور پجارا چار رنز ہی بنا سکے کہ میٹ ہنری نے انہیں ایل بی ڈبلیو کر دیا۔ہنری نے وجے کا بھی وکٹ لیا تھا۔ہندستان کے دو وکٹ 24 رنز پر گر گئے ۔شکھر دھون دوسری اننگز میں 32 گیند تک ٹکے ۔انہوں نے 17 رنز میں چار چوکے لگائے لیکن ٹرینٹ بولٹ نے انہیں ایل بی ڈبلیو کر دیا۔ہندستان کا تیسرا وکٹ 34 کے اسکور پر گرا۔ شکھر نے پہلی اننگز میں محض ایک رن بنایا تھا۔
اجنکیا رہانے بھی زیادہ دیر کریز پر نہیں ٹک پائے اور ایک رن بنا کر ہنری کا تیسرا شکار بن گئے ۔ اس طرح پہلی اننگز میں نصف سنچری بنانے والے پجارا اور رہانے دوسری اننگز میں سستے میں آؤٹ ہو گئے ۔کپتان وراٹ کوہلی نے سیریز میں پہلی بار کھیلتے ہوئے 65 گیندوں میں سات چوکوں کی مدد سے 45 رن بنائے ۔
وراٹ سیریز کی اپنی پہلی نصف سنچری کی طرف گامزن تھے لیکن بولٹ نے انہیں ایل بی ڈبلیو کر دیا۔روی چندرن اشون پانچ رنز بنانے کے بعد لیفٹ آرم اسپنر مشیل سیٹنر کی گیند پر ایل بی ڈبلیو ہو گئے ۔ہندستان نے 31 ویں اوور تک اپنے چھ وکٹ محض 106 رن پر گنوا دیے ۔
روہت نے چائے کے وقفہ کے بعد 89 گیندوں میں اپنی نصف سنچری چار چوکوں اور دو چھکوں کی مدد سے مکمل کر لی۔ انہیں ساہا نے اچھا ساتھ دیا اور ہندستانی اننگز کی حالت سدھرتي چلی گئی۔روہت اپنی سنچری سے 18 رن دور تھے کہ سیٹنر نے انہیں لیوک رونچی کے ہاتھوں کیچ کرا دیا۔روہت اگرچہ سنچری سے محروم رہ گئے لیکن ان کی شاندار اننگز نے ہندستان کو دن کے اختتام تک ڈرائیور سیٹ پر پہنچا دیا۔
روہت کا وکٹ گرنے کے بعد آل راؤنڈر رویندر جڈیجہ میدان پر اترے اور انہوں نے سیٹنر کی گیند پر ڈیپ مڈ وکٹ پر چھکا مارا لیکن اس اوور کی آخری گیند پر وہ کیچ تھما بیٹھے ۔ہندستان کا آٹھواں وکٹ 215 کے اسکور پر گرا۔دن کے اختتام پر ہندستان کا اسکور آٹھ وکٹ پر 227 رنز تک پہنچ چکا تھا۔ساہا کے ساتھ بھونیشور کمار آٹھ رنز بنا کر کریز پر ہیں۔
نیوزی لینڈ کی جانب سے ہنری نے 15.2 اوور میں 44 رن پر تین وکٹ، سیٹنر نے 13 اوور میں 51 رن پر تین وکٹ اور بولٹ نے 14 اوور میں 28 رن پر دو وکٹ لئے ۔
اس سے پہلے صبح نیوزی لینڈ نے اپنی پہلی اننگز میں سات وکٹ پر 128 رن سے آگے کھیلنا شروع کیا اور اس کی پہلی اننگز 204 رنز پر دونوں بلے باز ٹیم کے اسکور کو 182 تک لے گئے ۔ آف اسپنر روی چندرن اشون نے پٹیل کو محمد سمیع کے ہاتھوں کیچ کراکر شراکت کو توڑا۔
پٹیل نے 47 گیندوں میں 47 رن پر نو چوکے لگائے ۔پٹیل کا وکٹ گرنے کے پانچ رنز بعد ہی سمیع نے واٹلنگ کو ایل بی ڈبلیو کر دیا۔انہوں نے 67 گیندوں میں تین چوکوں کی مدد سے 25 رن بنائے ۔سمیع نے نیل ویگنر کو بھی ایل بی ڈبلیو کر نیوزی لینڈ کی پہلی اننگز 204 رنز پر سمیٹ دی۔
بھونیشور کمار نے 15 اوور میں 48 رن پر پانچ وکٹ، سمیع نے 18 اوور میں 70 رن پر تین وکٹ، اشون نے آٹھ اوور میں 33 رن پر ایک وکٹ اور رویندر جڈیجہ نے 12 اوور میں 40 رن پر ایک وکٹ لیا۔

About the author

Tariq Hasan