اردو | हिन्दी | English
290 Views
Entertainment

سونو نگم کا انوکھا تجربہ، ابھیشیک کی نادانی

Sonu-Nigam
Written by Taasir Newspaper

گلوکار سونو نگم کا یوں تو بالی وڈ میں اول نمبر کے پلے بیک سنگرز میں شمار ہوتا ہے لیکن موسیقی اور اپنے فن کو نئی بلندیوں پر پہنچانے اور نئے نئے تجربے کرنا ان کے مزاج میں شامل ہے۔حال ہی میں سونو نگم نے ایک بہت ہی انوکھا تجربہ کیا۔ انھوں نے بھیس بدل کر ممبئی کی سڑکوں پر بھکاری بن کر گانے گائے اور اس طرح سڑکوں پر گاتے ہوئے ان کا ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل بھی ہوا۔سونو کا خیال ہے کہ لوگوں کے درمیان جاکر ہی معاشرے کی حقیقی تصویر دیکھی جا سکتی ہے۔ وہ اپنے اس تجربے کو زندگی کے سبق کے طور پر دیکھتے ہیں۔سونو نگم کہتے ہیں کہ کڑی دھوپ اور دھول مٹی کے درمیان گانا بہت مشکل ہے۔سونو نگم کی ہمت کی داد دینی پڑے گی، اس لیے نہیں کہ انھوں نے بھکاری کے بھیس میں سڑکوں پر گانا گایا بلکہ اس لیے کہ اب وہ ملک کے سیاسی رہنماوں اور بڑے بڑے حکام کو یہ مشورہ دے رہے ہیں کہ وہ بھی انھیں کی طرح بھیس بدل کر عام لوگوں کے درمیان جائیں اور ان کے مسائل سمجھیں۔سونو جی شاید آپ کی یہ خواہش یا یوں کہا جائے خواب شاید ہی شرمندہ تعبیر ہو۔
جیکلن فرنانڈیز کی تعریف
اداکارہ جیکلن فرنانڈیز کا خیال ہے کہ اکشے کمار بالی وڈ کے بہترین اداکار ہیں اور جیکلن چاہتی ہیں کہ انھیں بیسٹ ایکٹر کا ایوارڈ ملے کیونکہ وہ اس قابل ہیں اور اس کے حق دار ہیں۔دراصل جیکلن فلم ’ہاؤس فل تھری‘ میں اکشے کے ساتھ نظر آئیں گی۔اکشے کمار اپنے کریئر میں بہت سی سپر ہٹ فلمیں کر چکے ہیں اور انھیں مختلف رولز نبھانے کے لیے ایوارڈز بھی دیے جا چکے ہیں۔ لیکن انھیں ابھی تک فلم فیئیر میں بیسٹ ایکٹر ایوارڈ نہیں مِلا ہے۔جیکلن بہت پروفیشنل ہیں اور جس ہیرو کے ساتھ کام کرتی ہیں اسی کو انڈسٹری کا بہترین ایکٹر بنا دیتی ہیں۔ اس سے پہلے فلم ’کک‘ کے بعد سلمان خان کے لیے بھی ایسی ہی خواہشات کا اظہار کر چکی ہیں۔بہر حال جب جیکلن سے پوچھا گیا کہ بالی وڈ کی ہیروئنیں اب ہالی وڈ میں بھی کام کرنے لگی ہیں تو ان کے کیا ارادے ہیں اس پر جیکلن نے کہا ابھی ان کا ایسا کوئی ارادہ نہیں ہے۔ لگتا ہے جیکلن کو اندازہ ہے کہ ابھی تو انھیں بالی وڈ میں ہی اپنی جگہ بنانے میں مشکلات کا سامنا ہے۔فلم ’ہاؤس فل تھری‘ کے پروموشن سے متعلق پریس کانفرنس میں جیکلین کے ساتھ اکشے کمار اور ابھیشیک بچن بھی موجود تھے۔ اکشے کا کہنا تھا کہ انھیں ہالی وڈ میں کوئی دلچسپی نہیں ہے۔اور اب ابھیشیک سے جب ہالی وڈ کے بارے میں پوچھا گیا تو ان کا کہنا تھا کہ ہالی وڈ کو بہت بڑھا چڑھا کر پیش کیا جاتا ہے۔ انگلش صرف ایک زبان ہے اور کچھ نہیں۔ اس وقت دنیا بھر میں ہندی فلموں کی بہت چاہ ہے۔ابھیشیک کی اس بات میں کوئی دو رائے نہیں کہ ہندی فلموں کی مانگ دنیا بھر میں بڑھتی جا رہی ہے لیکن ہالی وڈ کی فلموں کو صرف زبان سے جوڑنا نادانی ہوگی۔ ہاں نادانی اس رپورٹر کی بھی جس نے آپ سے یہ سوال کیا۔ اب اپ کی حالت بھی جیکلن سے زیادہ بہتر تو نہیں ہے!
اپنے بیٹے پر فدا
سپر سٹار شاہ رخ خان اکثر ٹویٹر پر اپنے بچوں کی تصاویر شیئر کرتے نظر آتے ہیں اور خِاص طور پر اپنے سب سے چھوٹے بیٹے اب رام کی تصاویر۔شاہ رخ اب رام کی چھوٹی چھوٹی باتیں بھی تصاویر کے ساتھ ٹویٹر پر شیئر کرتے ہیں۔ لیکن حال ہی میں غالباً انھی کے گھر والوں نے انھیں ایسا کرنے سے منع کیا۔لیکن خان صاحب کہاں ماننے والے تھے۔ کچھ ہی روز قبل وہ لندن میں اپنے بڑے بیٹے آرین کی گریجوئیشن کے لیے اپنے اہل خانہ کے ساتھ آئے اور وہیں کرن جوہر کی 45 ویں سالگرہ کی تقریب بھی تھی۔پھر کیا تھا شاہ رخ تو کرن کی پارٹی میں مست تھے ہی چھوٹے خان صاحب بھی کھیل کود میں پیش پیش تھے۔ شاہ رخ نے جب اپنے صاحبزادے کو ڈھیر ساری بالز کے درمیان کھیلتے دیکھا تو ان سے رہا نہ گیا اور جھٹ اب رام کی تصویر اتار کر پھر ٹویٹر پر ڈال دی۔ہاں اس بار اب رام کی شکل تصویر میں بالز کے درمیان چھپی ہوئی تھی۔ لگتا ہے کہ عمر کے اس حصے میں باپ بننے کا لطف شاہ رخ کچھ زیادہ ہی اٹھا رہے ہیں۔

About the author

Taasir Newspaper