اردو | हिन्दी | English
150 Views
Bihar News

شراب بندی پر چھڑی قانونی جنگ

sharab-bandhi
Written by Tariq Hasan

نئی دہلی؍پٹنہ ، 3 اکتوبر (تاثیر بیورو) بہار حکومت نے شراب بندی سے متعلق 5 اپریل کے سرکاری فیصلے کو پٹنہ ہائی کورٹ کے ذریعہ مسترد کئے جانے کے خلاف سپریم کورٹ سے رجوع کیا ہے ۔ریاستی حکومت نے سوموارکو سپریم کورٹ میں ہائی کورٹ کے فیصلے کو چیلنج کرتے ہوئے خصوصی اجازت کی عرضی داخل کی ہے ، جس پر جمعہ سات اکتوبر کو سماعت ہوگی۔پٹنہ ہائی کورٹ نے گزشتہ جمعہ کو بہار حکومت کے پانچ اپریل کے اس حکم کو آئین کے خلاف قرار دیتے ہوئے رد کردیا تھا، جس کے تحت نتیش حکومت نے پوری ریاست میں شراب پر پابندی لگا دی تھی۔ پٹنہ ہائی کورٹ کایہ فیصلہ 30 ستمبر کو آیا تھا اور اس کے دو دن بعد ہی نتیش حکومت نے گاندھی جینتی کے موقع پر شراب بندی کا نیا اور پہلے سے زیادہ سخت قانون نافذکردیا ہے۔وزیراعلیٰ نتیش کمار نے نئے قانون کے نفاذ کے موقع پر 2 اکتوبر کو کہا تھا کہ نیا قانون نافذ ہونے کے باوجود پرانے قانون کے خلاف ہائی کورٹ کے فیصلے کو سپریم کورٹ میں چیلنج کرنا ضروری ہے کیونکہ ایسا نہ کرنے سے پرانے معاملوں میں کئی ساری دشواریاں سامنے آئیں گی۔ اس بیچ نئے شراب بندی قانون کو بھی پٹنہ ہائی کورٹ میں چیلنج کردیا گیا ہے۔

About the author

Tariq Hasan