اردو | हिन्दी | English
266 Views
Politics

شرد ، میسا ،جیٹھ ملانی کی نامزدگی

Nitish-Kumar-and-Lalu-Prasad-Yadav
Written by Taasir Newspaper

غلام رسول، قمر عالم اور تنویر اختر سمیت 5 اتحادی امیدواروں نے کونسل کیلئے پرچے بھرے،نتیش ، لالو نے جیت کا دعویٰ کیا

پٹنہ 30 مئی (اسٹاف رپورٹر): بہار سے راجیہ سبھا کی 5 اور قانون ساز کونسل کی 7 سیٹوں کیلئے آج سے نامزدگی کا دور شروع ہوگیا۔ عظیم اتحاد کے امیدواروں نے آج قانون ساز اسمبلی کے سکریٹری کے چیمبر میں راجیہ سبھا اور کونسل کیلئے کاغذات نامزدگی داخل کئے۔ جنتا دل یو کے سابق قومی صدر شرد یادو اور آر سی پی سنگھ نے راجیہ سبھا کیلئے تو مولانا غلام رسول بلیاوی اور سی پی سنگھ نے کونسل کیلئے پرچہ داخل کئے۔ ادھر راشٹریہ جنتا دل کی ڈاکٹر میسا بھارتی اور سپریم کورٹ کے وکیل رام جیٹھ ملانی نے بھی راجیہ سبھا کیلئے نامزدگی کے پرچے بھرے۔ آر جے ڈی کی طرف سے قمر عالم اور رن وجئے سنگھ نے کونسل کیلئے کاغذات نامزدگی داخل کئے۔ کانگریس کے تنویر اختر نے قانون ساز کونسل کیلئے پرچہ بھرا۔ اس موقع پر وزیراعلیٰ نتیش کمار ، آر جے ڈی کے قومی سربراہ لالو پرساد یادو، سابق وزیراعلیٰ رابڑی دیوی ، نائب وزیر اعلیٰ تیجسوی پرساد یادو، وزیر صحت تیج پرتاپ یادو، وزیرمالیات عبدالباری صدیقی ،وزیر توانائی وجندر پرساد یادو، جنتا دل یو کے رہنما کے سی تیاگی ، رکن پارلیمنٹ رام ناتھ ٹھاکر ، رکن کونسل سنجے سنگھ عرف گاندھی جی سمیت کئی وزرا ارکان قانون سازیہ اور حکمراں اتحاد کے رہنما موجود تھے۔ نامزدگی کے بعد وزیراعلیٰ نتیش کمار نے نامہ نگاروں سے بات چیت کرتے ہوئے کہا کہ قانون ساز اسمبلی میں اتحاد کی جو طاقت ہے اسی کے مطابق اتحادی امیدواروں نے پرچے بھرے ہیں۔ اس لئے اتحاد کے سبھی امیدواروں کی جیت یقینی ہے۔ دوسری طرف آر جے ڈی کے سربراہ لالو پرساد یادو نے بھی اتحاد کے امیدواروں کی جیت کا دعویٰ کرتے ہوئے کہا کہ قانون ساز کونسل کی ایک سیٹ کیلئے ہم اپنے امیدوار کا اعلان بعد میں کریں گے۔

About the author

Taasir Newspaper