اردو | हिन्दी | English
171 Views
Politics

طالبات خصوصی اسکالر شپ اسکیم کی تشہیر کی جائے: راوت

rawat
Written by Tariq Hasan

دہرادون، 6 اکتوبر (یو این آئی) اتراکھنڈ کے وزیر اعلی ہریش راوت نے اقلیتی طبقہ کی میدھاوی طالبات کو خصوصی گرانٹ اور انہیں دی جانے والی خصوصی اسکالرشپ اسکیم کی وسیع پیمانہ پر تشہیر پر زور دیا ہے ۔ وزیر اعلی نے 17 مسلم میدھاوی طالبات کو جلد ہی لیپ ٹاپ دینے کی ہدایت دی ہے ۔مسٹر راوت نے اقلیتی فلاح و بہبود محکمہ کا جائزہ لیتے ہوئے کہا کہ اقلیتی مسلم طالبات کو دی جانے والی امداد کے منصوبوں کی وسیع پیمانہ پر تشہیر سے طالبات میں تعلیم کے تئیں دلچسپی بڑھے گی۔ انہوں نے میٹنگ میں ہدایت دی کہ مسلم طالبات کو دی جانے والی اسکالر شپ اسکیم کا زیادہ سے زیادہ استعمال ہو ا س کی کوشش کی جائے اور اس مد میں اگر مزید فنڈکی ضرورت ہوگی تو اس کا نظم کیا جائے گا۔انہوں نے ایم ایس ڈی پی کے تحت ہردوار اور اودھم سنگھ نگر میں دو دو اور نینی تال اور دہرہ دون میں ایک ایک خواتین کلینک چلانے پر زور دیا، تاکہ خواتین کی طبی سہولت پر خصوصی توجہ دی جا سکے ۔خواتین میں خون کی کمی کو دور کرنے کے لئے کوششیں کرنے کی انہوں نے ضرورت بتائی۔ انہوں نے گڑھوال اور کماوں میں ایک ایک رہائشی آئی ٹی آئی کھولنے کے بھی ہدایت دی۔

About the author

Tariq Hasan