اردو | हिन्दी | English
254 Views
Politics

غریب طلبا کے داخلے کی رقم براہ راست کالج کے اکاؤنٹ میں جائے گی

nitish
Written by Tariq Hasan

پٹنہ 18 اکتوبر (اسٹاف رپورٹر): وزیر اعلیٰ نتیش کمار کی صدارت وزیر اعلیٰ راحت فنڈ نیاس بورڈ کی 16 ویں میٹنگ ہوئی۔ جس میں وزیراعلیٰ راحت فنڈ سے مختلف مدوں میں خرچ کی گئی رقم کو منظوری فراہم کی گئی۔ میٹنگ میں جنوری 16 سے ستمبر 16 تک ریاست کے 807 غریب اور باصلاحیت طلبا کو اعلیٰ تعلیم کیلئے مہیا کرائی گئی مالی مدد سے متعلق معلومات بورڈ کو دی گئی۔ میٹنگ میں ریاست کے طلبا وطالبات کو اعلیٰ تعلیمی کورس میں داخلے کیلئے وزیر اعلیٰ راحت فنڈ سے منظور کی گئی رقم کو این ای ایف ٹی /آر ٹی جی ایس کے توسط سے متعلقہ تعلیمی اداروں کو ٹرانسفر کرنے کا فیصلہ کیا گیا۔ ساتھ ہی سال 2016 میں آئے تباہ کن سیلاب سے متاثر اضلاع میں سیلاب راحت کے دوران متاثرین کو برتن، کپڑا مہیا کرانے اور کیمپ میں قیام کے دوران لڑکے اور لڑکیوں کی پیدائش پر بالترتیب 10 ہزار روپئے اور 15 ہزار روپئے کی رقم دینے کا اعلان جو وزیر اعلیٰ نے کیا تھا اس کے پیش نظر مختلف اضلاع میں اس مد میں خرچ کی گئی رقم کو بھی بورڈ نے منظوری فراہم کی۔ میٹنگ میں چیف سکریٹری انجنی کمار سنگھ، ڈی جی پی پی کے ٹھاکر ،پرنسپل سکریٹری مالیات روی متل ، گورنر کے پرنسپل سکریٹری ای ایل ایس این بالاپرساد، پرنسپل سکریٹری ڈیزاسٹر مینجمنٹ پرتے امرت، پرنسپل سکریٹری وسائل محنت دیپک کمار سنگھ، وزیراعلیٰ کے پرنسپل سکریٹری چنچل کمار، سکریٹری تعلیم جتیندر شریواستو سمیت کئی اعلیٰ افسران موجود تھے۔

About the author

Tariq Hasan