اردو | हिन्दी | English
239 Views
Politics

مودی اور تلنگانہ و اے پی حکومتیں وعدوں کی تکمیل میں ناکام :دگ وجئے سنگھ

Digvijaya-Singh
Written by Taasir Newspaper

حیدرآباد،16جون (یواین آئی) کانگریس نے آج مرکز کی نریندر مودی زیر قیادت حکومت ‘ دونوں تلگو ریاستوں تلنگانہ اور آندھراپردیش کی ٹی آر ایس و تلگودیشم حکومتوں پر وعدوں کی تکمیل میں ناکامی کا الزام لگایا ۔تلنگانہ کے عادل آباد ضلع میں میڈیا سے بات کرتے ہوئے اے آئی سی سی کے جنرل سکریٹری ڈگ وجئے سنگھ نے کہا کہ یہ تینوں حکومتیں گزشتہ عام انتخابات کے دوران کئے گئے وعدوں کو پورا کرنے میں ناکام ہوگئی ہیں۔انہو ں نے یاد دہانی کرائی کہ وزیر اعظم مودی نے اقتدار سنبھالنے کے 100 دن کے اندر بیرونی ممالک کی بینکس میں رکھے کالا دھن کو واپس لانے کا عزم ظاہر کیا تھا لیکن دو سال گزرجانے کے باوجود مرکزی حکومت ایسا کرنے میں ناکام رہی ۔ ڈگ وجئے سنگھ جو مہاراشٹرا میں کانگریس کی جانب سے منعقدہ چائے کی چرچہ پروگرام میں شرکت کیلئے مہاراشٹرا کے آیوت محل روانہ ہورہے تھے نے عادل آباد میں میڈیا سے بات کی ۔انہوں نے کہا کہ اے پی کے وزیراعلی چندرابابو اور مودی صنعت کاروں اور سرمایہ کاروں کی حمایت کررہے ہیں۔ چندر شیکھر راؤ اور چندرا بابو نائیڈو دوست ہیں ‘ اسی لئے تلگودیشم تلنگانہ میں موثر حزب اختلاف کا رول ادا نہیں کررہی ہے ۔ انہوں نے کہا کہ ٹی آر ایس حکومت ایک بھی وعدہ کو پورا کرنے میں ناکام رہی ہے ۔ ریاست چندر شیکھر راؤ کے ارکان خاندان کی گرفت میں ہے ۔ انہو ں نے کہا کہ دیگر جماعتوں کے لیڈروں کی پارٹی بدلنے کیلئے ٹی آر ایس کی غیر اخلاق حوصلہ افزائی کو بے نقاب کرنے کیلئے پارٹی کے لیڈر عوام کے درمیان جائیں گے ۔ پارٹی کی تبدیلی کے مسئلہ پر انصاف کیلئے تلنگانہ پردیش کانگریس کمیٹی قانونی رائے حاصل کرے گی ۔

About the author

Taasir Newspaper