اردو | हिन्दी | English
153 Views
Politics

نئی صنعتی پالیسی میں موثر سنگل ونڈو سسٹم ضروری :نتیش

Nitish-Kumar
Written by Taasir Newspaper

پٹنہ 30 مئی (اسٹاف رپورٹر): وزیر اعلیٰ نتیش کمار نے سوموار کو کہا کہ نئی صنعتی حوصلہ افزائی پالیسی میں سنگل ونڈو کلیئرنس سسٹم کو موثر طریقے سے نافذ کیا جائے گا۔ کسی بھی تجویز کی اجازت سنگل ونڈو سسٹم میں اس طرح سے ہو کہ یہ احساس حاوی رہے کہ سنگل ونڈوسسٹم کام کررہا ہے۔ مجوزہ نئی صنعتی حوصلہ افزائی پالیسی کے متعلق وزیراعلیٰ سکریٹریٹ واقع سنواد میں صنعت کاروں کی پنچایت کے دوران وزیراعلیٰ نے یہ باتیں کہیں۔ انہوں نے کہا کہ نئی پالیسی میں سنگل ونڈوسسٹم دیگر ریاستوں سے نسبتاََ بہتر ہو اس پر دھیان رہنا چاہئے۔ صنعتوں کے توسط سے روزگار کے مواقع زیادہ تعداد میں حاصل ہوں ایسے روزگاروں پر دھیان دینے کی ضرورت ہے۔ انفارمیشن ٹکنالوجی کے شعبے کے لئے بنیادی ڈھانچے کو اور تیز رفتاری سے منظم کرنے کی ضرورت ہے۔ فوڈ پروسیسنگ کے صنعت، سیکنڈری اسٹیل، رائس مل اور نجی صنعتی پارک کو فروغ دینے پر بھی وزیراعلیٰ کا زور رہا۔ انہوں نے کہا کہ ان شعبوں میں سدھار کیلئے جتنے مشورے آئیں گے حکومت ان سب پر غور کرے گی۔ صنعت کاروں نے بیاڈا کی زمین کے سلسلے میں اکزم پالیسی لانے کی بات کہی۔ ہوٹل صنعت کے سلسلے میں بھی غور وخوض کیا گیا اور اس بات پر اتفاق رائے ہوا کہ کم رقبے کی زمین پر ہوٹل ،ٹاور بنانے کی اجازت دی جاسکتی ہے۔ محکمہ صنعت کے پرنسپل سکریٹری ڈاکٹر ایس سدھارتھ نے بتایا کہ صنعت کاروں کی پنچایت میں مجوزہ نئی صنعتی پالیسی سے جڑے الگ الگ پہلوؤں پر غور وخوض ہوا۔ صنعت کاروں نے اس سلسلے میں اپنی رائے کھل کر دی۔

About the author

Taasir Newspaper