اردو | हिन्दी | English
319 Views
Deen

والدین کی فرمانبرداری کرنا ہم پر فرض ہے : مولانا عبید الرحمان ازہر

Deen
Written by Taasir Newspaper
معہد الصراط المستقیم میں ’’تربیت اولاد و حقوق والدین‘‘ پر خطاب

لکھنؤ۔30مئی(یو این این) والدین اپنے اولاد کی تربیت کو اپنا فرض تسلیم کرتے ہوئے کریں، کیونکہ اولاد کی تربیت ہی ایک ایسی چیز ہے جس سے والدین اور گھر خاندان کا نام یا تو بلند ہوتا ہے یا مٹی میں مل جاتا ہے۔ جن گھروں میں والدین کی جانب سے اولاد کی تربیت میں کوتاہیاں برتی جاتی ہیں ان کی نسلوں میں مسلسل بگاڑ پیدا ہوتا جاتا ہے۔ان خیالات کا اظہار آج اسٹوڈنٹس اسلامک آرگنائزیشن آف انڈیا ’لکھنؤ یونٹ‘ کی جانب سے گولا گنج میں واقع مدرسہ معہد الصراط المستقیم میں ہونے والے 6 روزہ سمر اسلامک کلاسیز کے تیسرے دن مولانا عبید الرحمان ازہر نے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ انہوں نے کہا کہ بچوں کی تعلیم و تربیت کی جانب توجہ دینا سبھی والدین پر فرض ہے، پروگرام میں موجود طلباء، طالبات و خواتین سے ’’تربیت اولاد و حقوق والدین‘‘ کے موضوع پر خطاب کرتے ہوئے مولانا نے کہا کہ اپنے والدین کی فرمانبرداری اور ان کے حقوق کو پورا کرنا سبھی بچوں و بچیوں پر فرض ہے۔ بنا فرمانبرداری اور ان کی اطاعت کے اگر ہم جنّت کے حصول کا خواب دیکھیں تو یہ بے سود ہے کیونکہ جنّت ماں کے قدموں کے تلے بتائی گئی ہے۔مدرسہ معہد الصراط المستقیم میں ایس آئی او کی جانب سے ہونے والے سمر اسلامک کلاسیز کے دوسرے سیشن میں مولانا عبید الّرحمان ازہر نے سیرت نبویؐ پر روشنی ڈالتے ہوئے کہا کہ نبیؐ کی تعلیمات کسی ایک فرقے، جماعت یا مذہب کے لیے نہیں ہے بلکہ وہ پوری انسانیت کے لیے رہبر کامل بنا کر بھیجے گئے تھے۔سمر اسلامک کلاسیز کے انچارج و شہر سکریٹری محمد راشد نے بتایا کہ کل بروز منگل صالحہ رئیس فلاحی کا ’’سیرت صحابیاتؓ‘‘ پر خطاب ہوگا۔ 02 جون کو تمام لکچرس کی بنیاد پر کلاس میں شریک طلباء، طالبات و خواتین کا ٹیسٹ لیا جائے گا جس میں اوّل، دوم، سوم مقام حاصل کرنے والوں کے علاوہ ٹاپ ٹین شرکاء کو خصوصی انعام و سبھی کو تشجیعی انعام سے نوازا جائے گا۔ اس موقع پر مدرسہ کی پرنسپل غزالہ بیگم، ناصحہ رئیس، ندا سلیم، رقیہ ابرار، عابدہ رئیس وغیرہ موجود تھیں۔

About the author

Taasir Newspaper