اردو | हिन्दी | English
250 Views
Indian

پاک مقبوضہ کشمیر میں ہندستانی فوجی کارروائی

fauji
Written by Tariq Hasan

نئی دہلی، 29 ستمبر (یو این آئی) ہندستانی فوج نے جموں و کشمیر میں کنٹرول لائن کے پار پاک مقبوضہ کشمیر میں تین کلومیٹر اندر گھس کر پانچ اڈوں پر چار گھنٹے کی محدود فوجی کارروائی کرکے دہشت گردوں کے کم ازکم 7 ٹھکانے تباہ کئے اور 38 دہشت گردوں کو ہلاک کردیا ہے ۔فوجی کارروائی میں پاکستانی فوج کے کئی جوان بھی مارے گئے ہیں۔فوجی ذرائع نے کل رات ہوئی اس فوجی کارروائی کے بارے میں اطلاع دی کہ اس کارروائی کو رات ساڑھے 12 بجے سے لے کر آج علی الصبح ساڑھے چار بجے کے دوران انجام دیا گیا۔ اس دوران فوج کی اسپیشل فورسیز کے کمانڈو ٹیموں نے پانچ جگہوں پر ہیلی کاپٹر کی مدد سے کنٹرول لائن پار کرکے دہشت گردی کے 7لانچ پیڈ پر حملہ کیا۔ذرائع نے بتایا کہ دنیا کے بہترین کمانڈو کے ذریعہ کی گئی اس کارروائی میں میں کم از کم 38 دہشت گرد اور ان کی مدد کرنے والے لوگ مارے گئے ہیں۔ یہ لانچ پیڈ کنٹرول لائن کے پار پاک مقبوضہ کشمیر میں نصف کلومیٹر سے تین کلومیٹر تک اندر تھے ۔ کارروائی میں کئی دہشت گرد تنظیموں کے یہ لانچ پیڈ تباہ ہوگئے ہیں۔ذرائع نے بتایا کہ یہ کارروائی مکمل طور پر خفیہ رہی اور تمام ہندوستانی کمانڈوز بحفاظت اپنے وطن واپس آگئے ۔ کوئی بھی جوان ہلاک نہیں ہوا ہے ۔اس سے قبل فوجی آپریشن ڈائریکٹر جنرل لیفٹیننٹ جنرل رنبیر سنگھ نے وزارت خارجہ کے ترجمان کے ساتھ ایک پریس کانفرنس میں اس محدود کارروائی کے بارے میں اطلاع دیتے ہوئے کہا کہ ہمیں کل بہت پختہ اور خاص اطلاع ملی کہ کچھ دہشت گرد ٹیم کنٹرول لائن کے پاس لانچ پیڈ پر ہندستان میں دراندازی اور جموں و کشمیر اور ملک کے مختلف شہروں میں دہشت گردانہ حملے کے لیے تیار بیٹھے ہیں۔ہندستانی فوج نے کل رات ان لانچ پیڈ پر محدود فوجی کارروائی کی ہے ۔لیفٹیننٹ جنرل سنگھ نے کہا کہ اس کارروائی کا مقصد ان دہشت گردوں کے ناپاک عزائم کو ناکام کرنا تھا جو ہندوستانی شہریوں کے جان و مال کو نقصان پہنچانا چاہتے تھے ۔اس مہم میں بڑی تعداد میں دہشت گرد اور ان کی مدد کرنے والوں کو نقصان پہنچا ہے ۔اس طرح کی مہم جاری رکھنے کا ہمارا کوئی ارادہ نہیں ہے ۔ تاہم ہمارے فوجی کسی بھی ہنگامی صورت حال سے نمٹنے کے لیے مکمل طور پر تیار ہیں۔انہوں نے کہا، ‘میں نے پاکستان کے فوجی آپریشن ڈائریکٹر جنرل سے بھی بات کی ہے اور انہیں اپنے خدشات سے آگاہ کیا اور انہیں کل رات ہندستانی فوج کی طرف سے کی گئی کارروائی کی اطلاع دی۔ ہندستان کا ارادہ علاقے میں امن و استحکام قائم رکھنے کا ہے لیکن ہم یقینی طور پر دہشت گردوں کو کنٹرول لائن پر بلا جھجھک گھومنے اور ہمارے ملک کے شہریوں پر حملہ کرنے کی اجازت نہیں دے سکتے ہیں۔ ‘انہوں نے کہا،’ ہم امید کرتے ہیں کہ دہشت گردی کے خاتمے کیلئے پاکستانی فوج ہمارے ساتھ تعاون کرے گی’۔فوجی آپریشن ڈائریکٹر جنرل نے بتایا کہ اس سال اب تک دراندازی کی 20 بڑی کوششیں ہوئیں ہیں۔ اس دوران گلوبل پوزیشننگ سسٹم اور پاکستانی مارکہ والی چیزیں ملیں ہیں۔ جموں و کشمیر میں کئی دہشت گرد پکڑے گئے ہیں جنہوں نے پاکستانی شہری ہونے اور پاکستانی سرزمین پر تربیت دیے جانے کی بات قبول کی ہے ۔اس سے قبل وزیر اعظم نریندر مودی نے کابینہ کے دفاعی امور کی کمیٹی کے میٹنگ کی اور صورتحال کا جائزہ لیا۔دریں اثنا پاکستان نے اس محدود فوجی کارروائی کی بات کو ہی مسترد کرتے ہوئے کہا ہے کہ ہندستانی حکومت گمراہ کن پروپیگنڈہ کر رہی ہے ۔پاکستانی فوج نے کہا کہ کنٹرول لائن پر ہندستانی فوج نے پاکستانی چوکیوں پر بلا اشتعال گولہ باری کی اور اس میں پاکستانی فوج کے دو جوان مارے گئے ہیں۔

About the author

Tariq Hasan