اردو | हिन्दी | English
283 Views
Uncategorized

پھسڈی ثابت ہوئے انٹر کے ٹاپر

Inter-Science-or-Art
Written by Taasir Newspaper
سائنس ٹاپر سورو سریشٹ اور راہل کمار کا ریزلٹ رد،وشنو رائے کالج کی منظوری بھی رد،روبی رائے کو 11 جون تک میرٹ ثابت کرنے کا موقع

پٹنہ 04 جون (سنجیو کمار): بہار اسکول اکزامنیشن بورڈ نے میرٹ کی دوبارہ جانچ کے بعد انٹر سائنس کے ٹاپر سورو سریشٹ اور تھرڈ ٹاپر راہل کمار کا ریزلٹ رد کردیا ہے۔ ان کے کالج وشنو رائے کالج ویشالی کی منظوری فوری اثر سے رد کردی ہے۔ جبکہ انٹر آرٹس کی ٹاپر روبی رائے کو ایک اور موقع دینے کا فیصلہ کرتے ہوئے11 جون تک بورڈ آفس پہنچ کر اپنی صلاحیت کو ثابت کرنے کیلئے کہا ہے۔ بورڈ نے اس پورے معاملے کی جانچ پٹنہ ہائی کورٹ کے سبکدوش جج کے سپرد کرنے کابھی فیصلہ کیا ہے۔ یہ سارے فیصلے سنیچر کو دن بھر چلی بورڈ کی میٹنگ میں لئے گئے۔ بورڈ نے جمعہ کو سائنس اور آرٹس کے ٹاپروں کو طلب کیا تھا۔ جن میں سے 11 نے اپنی صلاحیت کا ثبوت دیا۔ جبکہ 2 سورو اور راہل سوالوں کے تشفی بخش جوابات نہیں دے سکے۔ سورو کا انٹرویو لے رہے اکسپرٹ اس وقت سکتے میں آگئے جب اس نے وہیں پر خود کشی کرلینے کی دھمکی دے دی۔اس کے بعد اکسپرٹ نے اسے پانی پلایا اور اسے نارمل کرکے رخصت کیا۔ باہر نکلنے کے بعد جب نامہ نگاروں نے اس سے انٹرویو کے بارے میں جاننے کی کوشش کی تو وہ ان سے بچنے کی کوشش کرتا نظر آیا تھا اور بار بار یہی کہہ رہا تھا کہ اس کاانٹرویو بہت اچھا ہوا ہے اور جلد ہی دودھ کا دودھ اور پانی کا پانی ہوجائے گا۔ لیکن سوال کے جواب میں خودکشی کی دھمکی کے بعد ہی سے یہ بات تقریباََ طے مانی جارہی تھی کہ سورو سریشٹ کے معاملے میں بورڈ کوئی بڑا فیصلہ لے گا۔ بورڈ نے جمعہ کے دن اس کا اشارہ بھی دیا تھا۔ روبی رائے نے کل علالت کا بہانہ بناکر انٹرویو میں شریک ہونے سے معذوری ظاہر کی تھی۔ بورڈ نے اسے ایک ہفتہ کا وقت دے کر ہر حال میں اکسپرٹ کے سامنے اپنی صلاحیت ثابت کرنے کیلئے کہا ہے۔ بورڈ کے چیئرمین پروفیسر لال کشور نے کہا ہے کہ روبی رائے کے ریزلٹ پر 11 جون کے بعد ہی فیصلہ کیا جائے گا۔ بورڈ کے مطابق طلب کئے گئے سبھی ٹاپروں سے 25 سے 30 سوال پوچھے گئے تھے ۔تقریباََ 45 منٹ تک ٹاپروں سے سوال کئے گئے ۔اکسپرٹ کے مطابق ان میں سے اکثر نے زیادہ تر سوالوں کے صحیح جواب دیئے۔

About the author

Taasir Newspaper