اردو | हिन्दी | English
323 Views
Politics

کانگریس پریوار کے لوگوں کا خیال رکھنا میری ذمہ داریوں میں شامل:راہل

Rahul-Gandhi
Written by Taasir Newspaper

غازی آباد (اتر پردیش)، 11 جون (یو این آئی) کانگریس نائب صدر راہل گاندھی نے آج کہا کہ وہ کانگریس کے سربراہ ہیں اور اس ناطے پارٹی کی لڑائی لڑنے والے کارکنوں کا حال چال پوچھنا ان کی ذمہ داری میں شامل ہے ۔ کانگریس کارکن مینا دیوی سے ملنے کے بعد مسٹر گاندھی نے صحافیوں سے کہا کہ مینا دیوی وزیر اعظم نریندر مودی کا پتلا نذرآتش کرنے کے دوران جھلس گئی تھیں۔ اسی طرح کے کارکن پارٹی کی طاقت ہیں اور ان کا حال جاننا پارٹی سربراہ ہونے کے ناطے ان کی ذمہ داری ہے ۔ انہوں نے کہا ”میں کانگریس پریوار کا سربراہ ہوں۔ اپنی پارٹی کے کارکنوں کا خیال رکھنا میری ذمہ داری ہے ۔ کانگریس زمین سے وابستہ لوگوں کی پارٹی ہے اور اسی وجہ سے آج عوامی سطح پر جدوجہد کرنے والی زخمی خاتون کارکن کو دیکھنے یہاں آیا ہوں”۔ واضح رہے کہ آٹھ جون کو حکومت کے خلاف مظاہرے کے دوران پتلا نذر آتش کرنے کے دوران مینا دیوی زخمی ہو گئی تھیں اور انہیں فوری طور پر اسپتال میں داخل کرایا گیا تھا۔محترمہ دیوی کا حال پوچھنے مسٹر گاندھی ان کی رہائش گاہ اتر پردیش میں غازی آباد کے ارتھلا پہنچے ۔ ہنڈن ندی کے کنارے پر آباد ارتھلا میں کل رات سے بڑی تعداد میں پولیس فورس تعینات کر دی گئی تھی۔

About the author

Taasir Newspaper