اردو | हिन्दी | English
416 Views
Politics

گائے کی سیاست قومی اتحاد اور سا لمیت کیلئے بڑا خطرہ : ممتا

MAMTA
Written by Taasir Newspaper

گائے کی سیاست قومی اتحاد اور سا لمیت کیلئے بڑا خطرہ: ممتا
کلکتہ 21جولائی(یو این آئی)مغربی بنگال اسمبلی انتخابات میں دو مہینے قبل ہی شاندار جیت حاصل کرنے والی ترنمول کانگریس کی سپریمو اور وزیر اعلیٰ ممتا بنرجی نے آج کلکتہ شہر کے قلب میں منعقد سالانہ ریلی میں کہا کہ گائے کی سیاست ملک کی سالمیت اور اتحاد کیلئے عظیم خطرہ ہے ۔انہوں نے کسی بھی سیاسی جماعت کا نام لیے بغیر کہا کہ بنگال میں اس طرح کی سیاست برداشت نہیں کی جائے گی ۔انہوں نے کہا کہ گائے کی سیاست نے سماجی تانے بانے کو ادھیڑ کر رکھ دیا ہے ۔پارٹی کے شہید دیوس پر منعقد ریلی میں ممتا بنرجی نے کہا کہ میں نے سنا ہے کہ کچھ لوگ ایک خاص سیاسی جماعت کی طرف سے یا پھر پارٹی کی حامی جماعت کی طرف سے لوگوں کے پاس جاتے ہیں اور پوچھتے ہیں کہ ان کے پاس گائے ہے یاں نہیں اور کتنی ہے ، انہوں نے کہا کہ یہ پوچھ تاچھ کرنے کا حق انہیں کس نے دیا ہے ؟ انہوں نے کہا کہ ہر ایک کو اپنے پسند کی چیز کھانے اور پہننے کا حق ہے ؟ میں ساڑی پہنتی ہوں تو دوسرے کو کیوں اعتراض ہوگا ؟ کچھ خواتین یہاں سلوار پہنتی ہیں تو ہمیں کوئی اعتراض نہیں ہے ، بنگال میں کچھ لوگ دھوتی پہنچے ہیں تو کوئی لنگی پہنتا ہے مگر یہاں کسی کو کوئی مسئلہ نہیں ہے ۔آپ کون ہوتے ہیں فیصلہ کرنے والے ؟وزیر اعلیٰ ممتا بنرجی نے پوچھا کہ کیا کچھ لوگ یہ فیصلہ کریں گے ہندوستانی عوام کو کیا پہننا چاہیے اور کیا نہیں کھانا چاہیے ؟ کیا یہ ممکن ہے ؟ممتا بنرجی نے کہا کہ بنگال میں پولرائزیشن کی سیاست کو برداشت نہیں کیا جائے گا۔ممتا بنرجی نے کہا کہ میں گجرات میں دلتوں کے ساتھ ہوئے بدترین واقعے کی سخت الفاظ میں مذمت کرتی ہوں ۔میں اس کے ساتھ یہ صاف کردینا چاہتی ہوں کہ اگر کسی نے بنگال میں گائے کا سروے اور لوگوں کے گھروں میں آگ لگانے کی کوشش کی تو میں اس کو برداشت نہیں کروں گی اور ایسے لوگوں کے ساتھ سختی سے نمٹا جائے گا ۔ممتا بنرجی نے کہا کہ ملک میں گائے کی سیاست کا خاتمہ ہونا ضروری ہے ۔ممتا بنرجی نے کہا کہ میں نے اخبارات میں پڑھا ہے کہ کس طریقہ سے دلتوں کو گائے لے جانے کے الزام میں باندھ کر سرعام پٹائی کی گئی ہے اور ان کے ساتھ ظلم و تشدد کی انتہا پار کیا گیا ۔ممتا بنرجی نے کہا کہ ہم نے گائے اسمگلنگ کے خلاف سخت قدم اٹھا یا ہے اور سرحد پر گائے اسمگلروں کے خلاف کارروائی تیز کردی ہے ۔گائے پر سیاست کے علاوہ ممتا بنرجی نے تعلیمی نظام کو بھگوا کرن کی کوششوں کی بھی سخت تنقید کی ہے ۔

About the author

Taasir Newspaper