اردو | हिन्दी | English
326 Views
Technology

گلیکسی نوٹ 8 جلد متعارف کرائے جانے کا امکان

GLAXY NOTE 8
Written by Taasir Newspaper

سام سنگ کا رواں سال کا دوسرا فلیگ شپ اسمارٹ فون گلیکسی نوٹ 8 توقع سے پہلے متعارف کرائے جانے کا امکان ہے۔ سام سنگ نے گلیکسی نوٹ 8 کی دستیابی کے حوالے سے اعلان کیا تھا کہ یہ رواں سال کی دوسری ششماہی کے دوران دستیاب ہوگا تاہم اس نے تاریخ بتانے سے گریز کیا۔ مگر اب نئی لیک میں اس نئے فون کی تاریخ سامنے آگئی ہے اور یہ آئی فون ایٹ کے لیے بڑا خطرہ ثابت ہوسکتا ہے۔ گلیکسی نوٹ ایٹ کو اگست میں متعارف کرائے جانے کا امکان ہے جو کہ آئی فون ایٹ سے ایک ماہ قبل سامنے آجائے گا جس سے جنوبی کورین کمپنی ایپل کی ڈیوائس کو پیچھے چھوڑنے کی امید رکھے ہوئے ہے۔ کوریا ہیرالڈ نے گزشتہ سال بھی گلیکسی نوٹ سیون کی تاریخ کا قبل از وقت درست بتایا تھا اور وہ فون دو اگست کو متعارف کرایا گیا تھا۔ اس نئے گلیکسی نوٹ کے فیچرز کے حوالے سے زیادہ تفصیلات تو سامنے نہیں آئیں تاہم یہ پوری امید ہے کہ وہ ڈوئل کیمرہ سیٹ اپ کے ساتھ ہوگا۔ ایسا کوئی فون اب تک سام سنگ نے ابھی تک متعارف نہیں کرایا ہے اور یہ آئی فون سیون پلس کی کامیابی کا نتیجہ لگتا ہے اور یہ تو کافی حد تک یقینی ہے کہ گلیکسی نوٹ ایٹ بھی گلیکسی ایس ایٹ کی طرح بیزل لیس ڈسپلے کے ساتھ ہوگا جبکہ فنگر پرنٹ اسکرین کے اندر دیا جائے گا، جو کہ ایس ایٹ میں بیک پر دیا گیا تھا۔ یہ فون ممکنہ طور پر 6.4 انچ ڈسپلے کے ساتھ ہوگا جو کہ اس کمپنی کی سب سے بڑی اسکرین ہوگی جبکہ کیو ایچ ڈی پلس انفنٹی ٹیکنالوجی بھی استعمال کی جائے گی اور ہاں گلیکسی نوٹ ایٹ کے ساتھ سام سنگ اپنے ایس پین کو بھی اپ گریڈ کرے گی۔ فون کے دیگر فیچرز میں 128 جی بی اسٹوریج، 4000 ایم اے ایچ تک کی بیٹری اور اسٹریو اسپیکرز وغیرہ نمایاں ہوسکتے ہیں۔

About the author

Taasir Newspaper