اردو | हिन्दी | English
158 Views
Politics

یوپی میں پہلے ہی دن 2 ذبیحہ خانے بند

press--3_1490019016
Written by Tariq Hasan

لکھنؤ 20 مارچ (تاثیربیورو): اترپردیش کی یوپی حکومت اقتدار سنبھالنے کے بعد پورے فارم میں نظر آرہی ہے۔ وزیراعلیٰ بننے کے بعد کابینہ کی پہلی میٹنگ میں کسانوں کے قرض معاف کرنے کا فیصلہ تو حسب وعدہ نہیں ہوسکا۔ لیکن اقتدار سنبھالنے بعد پہلے ہی دن پیرکو حکومت نے اپنے مخصوص ایجنڈے پر کام کرنا شروع کردیا اور سب سے پہلی کارروائی ذبیحہ خانوں کو بند کرنے کے سلسلے میں ہوئی۔ حکومت کی منشا کے مطابق الہ آباد میونسپل کارپوریشن کے افسران نے شہر کے دو ذبیحہ خانوں کو سیل کردیا۔ خیال رہے کہ بی جے پی نے اپنے انتخابی منشور میں اقتدار میں آنے کے بعد ذبیحہ خانوں کو بند کرنے کاوعدہ کیا تھا اور پارٹی کے قومی صدر امیت شاہ نے انتخابی مہم کے دوران کئی ریلیوں میں اس کا وعدہ کیا تھا۔ وزیراعلیٰ یوگی آدتیہ ناتھ اپنے دونوں نائبین دنیش شرما اور کیشور پرساد موریہ کی موجودگی میں ڈی جی پی کو طلب کر کے انہیں ہدایت جاری کی کہ وہ کشیدگی پھیلانے والوں کے خلاف سخت سے سخت کارروائی کریں۔ یوگی کابینہ کے ارکان کے درمیان ابھی قلم دانوں کی تقسیم بھی نہیں ہوئی ہے لیکن کام شروع ہوگیا ہے اور ذرائع کے مطابق حکومت نے 10 دنوں کا اپنا ایجنڈا تیار کر کے اس پر کام بھی شروع کردیا ہے۔ حکومت نے اس کے علاوہ جو اہم فیصلہ کیا ہے اس میں حکومت میں شامل تمام وزراء سے 15 دنوں کے اندر پانی جائیداد کی تفصیل پیش کرنے کیلئے کہا گیا ہے اور یہ بھی ہدایت جاری کی گئی ہے کہ کوئی بھی وزیر کسی بھی موضوع پر بلاوجہ بیان بازی نہ کریں۔

About the author

Tariq Hasan