آزاد میڈیا جمہوریت کیلئے اہم : مودی

نئی دہلی، 3؍مئی (آئی این ایس انڈیا ) وزیر اعظم نریندر مودی نے پریس کی آزادی کے عالمی دن کی مبارک باد دی ہے۔وزیر اعظم مودی نے بدھ کو سوشل میڈیا سائٹ ٹوئٹر پر جاری اپنے پیغام میں کہا کہ آج کا دن پریس کے تئیں اپنے اٹل اعتماد کے اعادے کا دن ہے۔انہوں نے اس موقع پر آزاد اور پرجوش پریس کی وکالت کرتے ہوئے اسے جمہوریت کے لیے اہم بتایا۔انہوں نے ٹوئٹ میں کہا،یہ پریس کے تئیں اپنے اٹل اعتماد کو دہرانے کا دن ہے۔وزیر اعظم مودی نے ایک اور ٹوئٹ میں کہا، آج کے دن اور زمانے میں سوشل میڈیا رابطہ کے ایک فعال ذریعے کے طور پر ابھرا ہے اور اس سے ہماری پریس کی آزادی کو اور مضبوطی ملی ہے۔قابل ذکر ہے کہ پریس کی آزادی کا بین الاقوامی دن ہر سال تین مئی کو منایا جاتا ہے۔ پریس کسی بھی سماج کا آئینہ ہوتا ہے، پریس کی آزادی سے یہ بات ثابت ہوتی ہے کہ اس ملک میں اظہار رائے کی کتنی آزادی ہے؟ہندوستان جیسے جمہوری ملک میں پریس کی آزادی ایک بنیادی ضرورت ہے، آج ہم ایک ایسی دنیا میں ر ہ رہے ہیں، جہاں اپنی دنیا سے باہر نکل کراپنے آس پاس رونما ہونے والے واقعات کے بارے میں جاننے کا ہمارے پاس زیادہ وقت نہیں ہوتا،ایسے میں پریس اور میڈیا ہمارے لیے ایک خبر رساں ادارہ کا کام کرتے ہیں، جو ہر صبح ہماری ٹیبل پر گرما گرم خبریں پیش کرتے ہیں، یہی خبریں ہمیں دنیا سے جوڑے رکھتی ہیں، آج پریس دنیا میں خبریں پہنچانے کا سب سے بہترین ذریعہ ہے۔