اترپردیش میں معلق اسمبلی کے آثار

نئی دہلی 09 مارچ (تاثیر بیورو): اترپردیش اسمبلی انتخاب میں کسی بھی پارٹی یا اتحاد کو واضح اکثریت ملنے کے آثار نہیں ہیں اور مختلف اکزٹ پول کے مطابق ریاست میں معلق اسمبلی ہوسکتی ہے۔انڈیا ٹی وی سی ووٹر کے مطابق بی جے پی ریاست میں سب سے بڑی پارٹی بن کر ابھرسکتی ہے اور اسے 155 سے 167 سیٹیں مل سکتی ہیں۔ جبکہ سماجوادی پارٹی اور کانگریس کا اتحاد 135 سے 147 سیٹیں جیت کر دوسرے نمبر پر اور بہوجن سماج پارٹی 81 سے 93 سیٹیں لے کر تیسرے نمبر پر رہ سکتی ہے۔ اے بی وی پی، سی ایس ڈی ایس کے اکزٹ پول میں بی جے پی کو 164 سے 176 ،سماجوادی پارٹی اور کانگریس کے اتحاد کو 156 سے 169 اور بہوجن سماج پارٹی کو 60 سے 72 سیٹیں ملنے کا امکان ظاہر کیاگیاہے۔403 نفری اسمبلی میں اکثریت کیلئے کم از کم 202 سیٹوں کی ضرورت ہوگی۔ ایسی صورت میں اگر اکزٹ پول کے مطابق ہی انتخابی نتائج رہے تو حکومت سازی میں بہوجن سماج پارٹی کا رول اہم ہوجائے گا اور اسی لئے وزیراعلیٰ اکھلیش یادو نے قبل ازوقت ہی بہوج سماج پارٹی کی طرف سے اتحاد کا ہاتھ بڑھاتے ہوئے کہا ہے کہ اگر ضرورت پڑی تو ان کی پارٹی بہوجن سماج پارٹی سے اتحاد کرسکتی ہے۔کیونکہ صدر راج کا نفاذ تو کوئی بھی پارٹی نہیں چاہے گی۔ ادھر پنجاب میں کانگریس اور عام آدمی پارٹی کے درمیان زبردست مقابلہ نظر آرہا ہے۔ اکزٹ پول میں سی ووٹر نے پنجاب میں عام آدمی پارٹی کی حکومت بننے کی پیش گوئی کی ہے۔ جبکہ آج تک نے کانگریس کے واضح اکثریت کے ساتھ اقتدار میں آنے کی خوش خبری دی ہے۔ سی ووٹر نے پنجاب کے 117 سیٹوں میں سے عام آدمی پارٹی کو 59 سے 67 سیٹیں ملنے کا امکان ظاہر کیا ہے۔ جبکہ کانگریس کو 41 سے 49 اور بی جے پی۔ اکالی دل کو صرف 5 سے 13 سیٹیں ملنے کا امکان ظاہر کیا ہے۔ لیکن آج تک کے اکزٹ پول کے مطابق کانگریس کو 62 سے 67 سیٹیں مل سکتی ہیں۔ جبکہ پہلی بار انتخابات میں حصہ لے رہی عام آدمی پارٹی کو 42 سے 51 سیٹیں مل سکتی ہے۔ بی جے پی ۔ اکالی دل اتحاد کو 4 سے 7 سیٹیں ملنے کا امکان ہے۔ نیوز 24 کے مطابق پنجاب میں حکمراں بی جے پی اکالی اتحاد 9 سیٹوں پر سمٹ سکتا ہے۔ کانگریس اور عام آدمی پارٹی کو 45-45 سیٹیں مل سکتی ہیں۔ اس طرح حکومت سازی میں کانگریس اور عام آدمی پارٹی کے درمیان سخت مقابلہ نظر آرہا ہے۔ اتراکھنڈ اسمبلی میں بی جے پی کو اکثریت ملنے یا اکثریت کے قریب ہونے کے آثار ہیں۔ آج تک اکسس کے مطابق اس پہاڑی ریاست میں بی جے پی کو 46 سے 53 سیٹیں ملنے کاامکان ہے۔ نیوز 24 چانکیہ کے مطابق بی جے پی کو 53 سیٹیں مل سکتی ہیں۔ جبکہ انڈیا ٹی وی اور سی ووٹر کے مطابق بی جے پی، کانگریس دونوں کو ہی 29 سے 35 سیٹیں مل سکتی ہیں۔ اتراکھنڈ سے کانگریس کیلئے بری خبر یہ ہے کہ تمام سروے ایجنسیوں نے اپنے اکزٹ پول میں کانگریس کو اقتدار سے دور ہوتا ہوا دکھایا ہے۔