ارون جیٹلی نے وزیردفاع کی اضافی ذمہ داری سنبھالی

نئی دہلی،14مارچ(یواین آئی)وزیر خزانہ ارون جیٹلی نے آج وزیردفاع کا عہدہ سنبھال لیا۔انہیں مسٹر منوہر پریکر کی جگہ پر یہ ذمہ داری سونپی گئی ہے ،جنہوں نے گوا کے وزیراعلی بنائے جانے کے بعدمرکزی وزیر دفاع کا عہدہ چھوڑ دیا تھا۔ مسٹر جیٹلی نے یہاں ساؤتھ بلاک میں تقریباً سوا گیارہ بجے وزیر دفاع کی اضافی ذمہ داری سنبھالی۔مسٹر جیٹلی اس سے پہلے بھی قومی جمہوری اتحادی حکومت (این ڈی اے )کے 2014میں اقتدار میں آنے کے بعد وزیر دفاع کی ذمہ داری سنبھال چکے ہیں۔اس وقت بھی انہیں وزارت خزانہ کے ساتھ ساتھ وزارت دفاع کا اضافی عہدہ سونپا گیا ہے ۔مسٹر پریکر نے پیر کووزیردفاع کے عہدے سے استعفی دے دیا تھا۔گوا اسمبلی انتخابات کے نتائج میں بھارتیہ جنتا پارٹی کو واضح اکثریت نہ ملنے کے پیش نظر پارٹی نے ریاست میں دو دیگر پارٹیوں کے ساتھ اتحاد کیا ہے اور مسٹر پریکر کو اتحادی حکومت کی باگ ڈور سنبھالنے کو کہا گیا ہے ۔مسٹر پریکر وزیردفاع بننے سے پہلے گوا میں بی جے پی حکومت میں وزیراعلی تھے ۔اس طرح مسٹر پریکر کی وزیردفاع کے طورپر دو سال سے کچھ زیادہ عرصے تک عہدہ سنبھالنے کے بعد ایک بار پھر گوا کے وزیراعلی کے طورپر ساحلی ریاست میں واپسی ہورہی ہے ۔