اسپنروں کا کردار اہم ہوگا : ہیسن

کانپور، 20؍ستمبر(آئی این ایس انڈیا )ہندوستان کے خلاف پہلے ٹیسٹ میچ کو مشکل قرار دیتے ہوئے نیوزی لینڈ کرکٹ ٹیم کے کوچ مائیک ہیسن نے آج کہا کہ گرین پارک پر اسپنروں کا کردار کافی اہم ہوگا ۔ہیسن نے کہا کہ ہندوستانی ٹیم کے پاس اچھے اسپنر ہے اس لیے مقابلہ برابری کا ہوگا۔نیوزی لینڈ کی ٹیم نے آج صبح گرین پارک میں نیٹ پریکٹس کی۔پریکٹس کے بعد ہیسن نے نامہ نگاروں سے کہا کہ دہلی کے مقابلے میں یہاں کافی امس اور گرمی ہے اور یہاں کے موسم کا مزاج کچھ الگ ہے جس کے مطابق ٹیم اگلے دو دن میں ہم آہنگ ہونے کی کوشش کرے گی۔کوچ نے کہا کہ دہلی میں پریکٹس میچ کھیل کر ان کی ٹیم کافی حوصلہ افزا ہے لیکن یہاں کی پچ کچھ الگ ہے اور اسی کے حساب سے ٹیم پریکٹس کر رہی ہے۔پچ پر تھوڑی گھاس ہے جس کے آنے والے دو دنوں میں ختم ہو جانے کی امید ہے۔انہوں نے کہا کہ پچ دیکھ کر لگتا ہے کہ اس سے اسپنروں کو کافی مدد ملے گی، اس لیے مہمان ٹیم ہندوستانی ٹیم کے اسپنروں کے ویڈیو دیکھ کر ان کے خلاف حکمت عملی بنا رہی ہے۔انہوں نے کہا کہ ہندوستان کا ا سپن اٹیک کافی اچھا ہے لیکن ان کے بلے باز بھی اسپن کو اچھا کھیلتے ہیں۔نیوزی لینڈ کے پاس بھی اچھے اسپنر ز ہیں اور ہمارے پاس بھی اچھا موقع ہے اور ہمیں لگتا ہے کہ مقابلہ کافی اچھا ہو گا، ہماری ٹیم نئی گیند سے اسپنروں کو کھیلنے کی بھی پریکٹس کر رہی ہے۔ہیسن نے کہا کہ پچ دیکھ کر ایسا لگتا ہے کہ نئی گیند سے بھی اسپنروں کو گیندبازی کرائی جا سکتی ہے۔اس سے پہلے نیوزی لینڈ کی ٹیم نے تیز دھوپ اور امس کے باوجود جم کر پریکٹس کی ۔ہندوستان اور نیوزی لینڈ کے درمیان پہلا ٹیسٹ 22؍ستمبر سے کھیل جائے گا۔