اسپیشل اردو ٹی ای ٹی طلباء کی وزیراعلیٰ نتیش کمار سے اپیل

طلباء کے ساتھ وزیراعلیٰ کریں انصاف، طلباء کے ساتھ ہوئی ہے سراسر نا انصافی:قمر الحسن

پٹنہ، 3اگست۔ (پریس ریلیز ) سماجی کارکن محمد قمر الحسن نے اپنے پریس اعلانیہ کے ذریعہ وزیراعلیٰ نتیش کمار سے درخواست کی ہے کہ وہ متاثرہ اسپیشل اردو ٹی ای ٹی امیدواروں کو انصاف دلائیں ۔ کیونکہ ان کی کوششوں سے ہی متاثرہ ٹی ای ٹی امیداروں کو انصاف ملے گا۔ یہ بات اظہر من الشمس ہے کہ ان ہی کے دور اقتدار میں ستائیس ہزار اردو اساتذہ کے بحالی کا فیصلہ لیا گیا اور انہوں نے ہی اپنی مختلف تقاریر میں کہا کہ ہر اسکول میں اردو اساتذہ ہوں گے ۔ لیکن بورڈ کی غلطیوں اور افسران کی لاپرواہیوں سے آج متاثرہ اردوٹی ای ٹی طلباء د ربدر کی ٹھوکریں کھارہے ہیں اور انصاف کی گہار لگا رہے ہیں لیکن ان کی کوئی سننے کو تیار نہیں ہے ۔ اب وزیراعلیٰ ہی اس سلسلے میں کچھ کر سکتے ہیں ۔ کیونکہ متاثرہ اردو ٹی ای ٹی کے وفد نے بار بار وزیرتعلیم اور دیگر افسران تعلیم سے ملاقاتیں کیں اوربورڈ کی خامیوں کی جانب ان کی توجہ مبذول کرائیں لیکن ان کی باتوں پر کسی نے توجہ نہیں دی ۔ جس کا خمیازہ ہے کہ آج طلباء بھوک ہڑتال پر ہیں اوران کی حالت دن بد نازک ہوتی جارہی ہے ۔ وقت رہتے ہوئے وزیراعلیٰ کو ان کے مسائل کی جانب توجہ دینے کی ضرورت ہے کیونکہ اگر وقت رہتے ہوئے ان کے مسائل پر توجہ نہیں دی گئی تو کہیں ایسا نہ ہوکہ طلباء کے صبر کا پیمانہ لبریز ہو جائے ۔ اپنے پریس اعلانیہ میں کہاکہ کچھ طلباء نے یہاں تک کہا ہے کہ اردو ٹی میں پاس اور پھر فیل کر دیا گیا ۔اور ہمارا نام کونسلنگ میں اوپر آگیا قریب تھاکہ ہم اساتذہ بن جاتے لیکن ہمیں بورڈ کی خامیوں کی وجہ سے یہ دن دیکھنا پڑاکہ جس میں ہمارا پیسہ بھی صرف ہوا ، سردی کے زمانے میں ہم نے ہزاروں میل کا سفر طے کیا تقریبا پچاس ہزار کے قریب ایک امیدوار پر صرفہ آیا۔ لیکن ہمیں اخیر میں ملا تو صرف اور صرف مایوسی اور ناامیدی ۔ ہمارے ساتھ سراسر نا انصافی ہوئی ہمیں انصاف چاہئے اور یہ وزیراعلیٰ نتیش کمار ہی کر سکتے ہیں۔ وزیراعلیٰ کو چاہئے کہ اپنی مداخلت کے ذریعہ ٹی ای ٹی متاثرہ امیداروں کو انصاف دلائیں اور ان کی مایوسیوں کو امیدوں سے پر کر دیں۔ اس سے اردو کا بھی بھلا ہوگا ان طلباء کا بھی بھلا ہو گا اور وزیراعلیٰ نتیش کمار کی بھی ہر چہار جانب تعریف ہوگی کہ وزیراعلیٰ جو کہتے ہیں وہ کرتے ہیں۔ ورنہ دوسروں کی طرح وزیراعلیٰ کو بھی جملہ بازی کے طعنے کہیں نہ سننے پڑیں۔ اس لئے کہ خود وزیراعلیٰ کا اعلان ہے کہ وہ ستائیس ہزار اردو اساتذہ کو بحال کریں گے ۔ وزیراعلیٰ کو بغیر کسی پس وپیش کے ان کے تئیں ہمدردانہ رویہ اپناے ہوتے ہوئے ان طلباء کے مستقبل اور بچوں کے مستقبل کی خاطر ان کو پھر سے پاس کر انہیں درس و تدریس کا موقع دیں۔ اخیرمیں وزیراعلیٰ سے پھر گذارش کر تے ہیں کہ اس میں طلباء اور ملک و قوم سب کا بھلا ہے ۔ لہذان کے ساتھ آپ انصاف کریں۔ متاثرین میں محمد ابو الحسن ، محمد شاکر ، محمد شکیل ،محمد ابرہیم ، محمد صدام ، محمد آفتاب عالم ، محمد ریحان ، محمد ساجد اللہ ، محمد ہدایت اللہ ، رحمت اللہ ، وغیرہم طلباء نے اپنی تکلیف دہ داستان بتاتے ہوئے وزیراعلیٰ سے انصاف کی مانگ کی ہے ۔ امید ہے کہ وزیراعلیٰ ان کو اور ان جیسے ہزاروں طلباء کو مایوس نہیں کریں گے۔