اس طرح تولوگ ٹرین سے سفرکرنا ہی چھوڑ دیں گے : لالو

پٹنہ 08 ستمبر (اسٹاف رپورٹر): ریل کرایہ میں اضافہ کی نئی اسکیم پر آرجے ڈی سپریمو لالو پرساد یادو نے ٹویٹ کرکے کہا ہے کہ پربھو جی ایسی لیلائیں مت کیجئے ایسی لیلائیں سے تو عام آدمی مر جائے گا۔ لالو نے وزیر ریل سریش پربھو پرطنز کستے ہوئے کہا کہ ریلوے کی نئی فلیکسی فیئر اسکیم سے عام لوگوں کی پریشانی بڑھ جائے گی۔ ریلوے نے ٹرینوں میں یہ اسکیم نافذ کر کے کرایہ میں اضافہ کردیا ہے۔ اس اسکیم کے نافذ ہونے کے ساتھ ہی اب راجدھانی، شتابدی اور دورنتو جیسی ٹرینوں کے کرایہ میں ڈیڑھ گنا کا اضافہ ہوجائے گا۔ لالو یادو نے اسے عوام کیلئے پریشان کن بتاتے ہوئے کہا ہے کہ پہلے ہی ایئر لائنس نے مسافر کرایہ گھٹا دیا ہے اور ریل کے اے سی 1 اور اے سی 2 کا ٹکٹ ہوائی جہاز کے برابر ہوگیا ہے۔ اسی وجہ سے اے سی سفر کرنے والے مسافروں کی تعداد کافی کم ہوگئی ہے۔ ریلوے کی یہ حکمت عملی ٹھیک نہیں ہے اس سے اب لوگ ٹرینوں کے بجائے ہوائی جہاز سے سفر کرنا شروع کردیں گے۔ لالو نے اپنے ٹویٹ میں لکھا ہے کہ جب میں وزیر ریل تھا تو ہر سال بجٹ میں مسافر سہولیات کا دھیان رکھتا تھا میں نے مجموعی طور پر 93 ہزار کروڑ روپئے کامنافع دیا تھا۔ لیکن اب وہ خواب وخیال بن چکا ہے۔