اشون نمبر ون گیندبازبن گئے

دبئی،12 اکتوبر (یواین آئی) ہندوستان کے آف اسپنر روی چندرن اشون نے نیوزی لینڈ کے خلاف سیریز میں اپنی بہترین کارکردگی کی بدولت ایک نئی تاریخ رقم کی اور وہ آئی سی سی ٹیسٹ رینکنگ میں 900ریٹنگ پوائنٹ کے ساتھ نمبر ایک ٹیسٹ گیندباز بن گئے ۔اشون نے نیوزی لینڈ کے خلاف اندور میں تیسرے ٹیسٹ میں اپنی شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے دوسری اننگز میں سات وکٹ اور میچ میں کل 13وکٹ حاصل کئے ۔ انہوں نے تین میچوں کی اس سیریز میں کل 27وکٹ حاصل کئے اور مین آف دی سیریز رہے ۔ 30 سالہ اشون کو اس بہترین کارکردگی کا فائدہ آئی سی سی ٹیسٹ رینکنگ میں ملا اور وہ تیسرے نمبر سے اٹھ کر پہلے مقام پر پہنچ گئے ۔اشون کو 41 پوائنٹس کا فائدہ ہوا اور ان کی ریٹنگ 900 تک پہنچ گئی۔ اس کے ساتھ ہی وہ 900 کی ریٹنگ حاصل کرنے والے پہلے ہندوستانی گیندباز بن گئے ۔ اس سے پہلے کسی ہندوستانی گیندبازنے 900 کی ریٹنگ پوائنٹ حاصل نہیں کی تھی۔ سابق کپتان کپِل دیو 877 کی درجہ بندی کے ساتھ ہندوستان کے بہترین گیندباز تھے ۔اشون 900 کی ریٹنگ پوائنٹ حاصل کرنے والے دوسرے ہندوستانی کھلاڑی بھی بن گئے ہیں۔ ابھی تک یہ کامیابی سابق کپتان اور عظیم ترین سلامی بلے باز سنیل گواسکر کو ہی حاصل تھی جن کی درجہ بندی 918 رہی تھیْ کرکٹ کے تمام عالمی ریکارڈ اپنے نام رکھنے والے سچن تیندلکر نے 898 کی بہترین ریٹنگ پوائنٹ حاصل کی تھی۔ہندوستان کے اسپنر نے طویل عرصے سے نمبر ایک پر چلے آ رہے جنوبی افریقہ کے تیزگیندباز ڈیل اسٹین کو نمبر ایک کی پوزیشن سے ہٹا دیا ۔اسٹین اب دوسرے نمبر پر اور انگلینڈ کے تیز گیندباز جیمز اینڈرسن تیسرے نمبر پر پہنچ گئے ہیں۔ اس درمیان بلے بازوں میں اجنکیا رہانے نے پانچ مقام کی چھلانگ لگائی اور وہ ٹاپ ٹین میں شامل ہو گئے ہیں۔بلے بازی میں طویل عرصے بعد کوئی ہندوستانی بلے باز ٹاپ ٹین میں پہنچا ہے ۔ رہانے نے اندور میں تیسرے ٹیسٹ میں 188 رن کی اپنی اننگ کھیلی تھی جس کي وجہ سے انہیں رینکنگ میں 44 پوائنٹس کا فائدہ ہوا اور وہ 825 کی اپنی بہترین ریٹنگ پوائنٹ کے ساتھ چھٹے نمبر پر پہنچ گئے ۔ کپتان وراٹ کوہلی نے اسی میچ میں 211 رنز کی شاندار اننگز کھیلی اور وہ چار مقام کی بہتری کے ساتھ 16 ویں نمبر پر پہنچ گئے ۔ چتیشور پجارا ایک جگہ کی بہتری کے ساتھ 14 ویں نمبر پر آ گئے ہیں۔ اشون نمبر ایک ٹیسٹ گیندباز تو بن گئے ہیں، وہ ساتھ ہی سا تھ ٹیسٹ آل راؤنڈر رینکنگ میں 451 پوائنٹس کے ساتھ نمبر ایک پر بنے ہوئے ہیں۔ آل راؤنڈر رویندر جڈیجہ آل راونڈر کی درجہ بندی میں تیسرے نمبر پر قائم ہیں۔ اشون بیٹنگ رینکنگ میں ایک جگہ کی بہتری کے ساتھ 50 ویں نمبر پر آ گئے ہیں۔ بلے بازی کی رینکنگ میں روہت شرما کو سات مقام کا فائدہ ہوا ہے اور وہ 31 ویں نمبر پر پہنچ گئے ہیں. جبکہ سلامی بلے باز مرلی وجے دو مقام گر کر 23 ویں نمبر پر کھسک گئے ہیں ۔وکٹ کیپر رددھمان ساہا اپنے 56 ویں مقام پر برقرا ر ہیں اور جڈیجہ دو مقام کی بہتری کے ساتھ 75 نمبر پر آ گئے ہیں۔ دو سال بعد ٹیم میں واپس آئے سلامی بلے باز گوتم گمبھیر نے اس میچ کی دوسری اننگز میں ان کی شاندار نصف سنچری کی بدولت ٹاپ 100 میں چھلا نگ لگائی ہے اور وہ 392 ویں نمبر پر آ گئے ہیں۔ گمبھیر نے پہلی اننگز میں 29 اور دوسری اننگز میں 50 رن بنائے تھے ۔ آسٹریلیا کے اسٹیون اسمتھ نمبر ایک بلے باز بنے ہوئے ہیں لیکن نیوزی لینڈ کے کپتان کین ولیمسن دو مقام گر کر پانچویں نمبر پر کھسک گئے ہیں۔گیندبازی کی رینکنگ میں ہندوستان کے محمد سمیع ایک جگہ کی کمی کے ساتھ24 ویں نمبر پر پہنچ گئے ہیں جبکہ امیش یادو اپنے 31 ویں مقام پر برقرار ہیں۔