اشون نے چندر شیکھر کو پیچھے چھوڑا

ممبئی، 11دسمبر (یو این آئی) دنیا کے نمبر ایک بولر روی چندرن اشون نے سابق ہندستانی لیگ اسپنر بھاگوت چندر شیکھر کو پیچھے چھوڑ دیا اور وہ ملک کے سب سے زیادہ وکٹ لینے والے چھٹے بولر بن گئے ہیں۔اشون نے انگلینڈ کے خلاف چوتھے کرکٹ ٹیسٹ کے چوتھے دن اتوار کو یہ کامیابی اپنے نام کی۔ اشون کے اس میچ سے پہلے تک 235 وکٹ تھے ۔اشون نے پہلی اننگز میں چھ وکٹ حاصل کئے اور اپنے وکٹوں کی تعداد 239 پہنچا دی۔انہوں نے دوسری اننگز میں دو وکٹ لے لیے ہیں اور 43 ویں ٹیسٹ میں ان کے وکٹوں کی تعداد 243 تک پہنچ گئی ہے ۔اشون اس طرح سابق لیگ اسپنر چندر شیکھر سے آگے نکل گئے ہیں جنہوں نے 58 ٹیسٹ میچوں میں 242 وکٹ لئے تھے ۔اشون کے اب 43 ویں ٹیسٹ میں 243 وکٹ ہو گئے ہیں۔اشون نے پہلی اننگز میں چھ وکٹ لے کر سابق فاسٹ بولر جواگل سری ناتھ کو پیچھے چھوڑا تھا جنہوں نے 67 ٹسٹ میچوں میں 236 وکٹ لئے تھے ۔آف اسپنر اشون سے آگے اب بشن سنگھ بیدی (266)، ظہیر خان (311)، ہربھجن سنگھ (417)، کپل دیو (434) اور انل کمبلے (619) ہیں۔30 سالہ اشون نے پہلی اننگز میں پانچ وکٹ لے کر 23 ویں بار اننگز میں پانچ یا اس سے زیادہ وکٹ حاصل کئے تھے ۔اس کے ساتھ ہی انہوں نے سابق کپتان کپل دیو کے ریکارڈ کی برابری کر لی تھی۔تاہم جہاں اشون نے 43 میچوں میں یہ کامیابی حاصل کی ہے وہیں کپل نے 131 میچوں میں یہ ہندسہ چھوا تھا۔ہندستان میں اس معاملے میں اشون سے آگے موجودہ ہندستانی کوچ انل کمبلے (132 میچوں میں 35 بار پانچ وکٹ) اور ہربھجن سنگھ (103 میچوں میں 25 بار اننگز میں پانچ وکٹ) ہیں۔ ٹیسٹ کرکٹ میں اننگز میں پانچ بار سب سے زیادہ وکٹ لینے کے معاملے میں سری لنکا کے مرلی دھرن (133 میچوں میں 67 بار پانچ وکٹ) سب سے آگے ہیں۔ان کے بعد شین وارن (37/145) اور نیوزی لینڈ کے رچرڈ ہیڈلی (36/86) ہیں۔اشون نے دن کے آخری اوور کی تیسری گیند پر جیک بال (دو) کو وکٹ کیپر پارتھیو پٹیل کے ہاتھوں کیچ کرا دیا اور اسی کے ساتھ ہی چوتھے دن کا کھیل ختم ہو گیا۔انگلینڈ نے دن کے آخری اوورز میں دو وکٹ گنوائے اور اب وہ مصیبت میں پھنس چکا ہے ۔اسٹمپ کے وقت بیرسٹو 95 گیندوں پر دو چوکوں کی مدد سے 50 رنز بنا کر کریز پر ہیں۔ بیرسٹو کے اوپر اپنی ٹیم کو اننگز کی شکست سے بچانے کی ذمہ داری رہے گی۔جڈیجہ نے 18 اوور میں 58 رن دے کر دو وکٹ حاصل کئے اور اس کے ساتھ ہی اپنے 100 وکٹ بھی پورے کر لیے ۔جڈیجہ نے پہلی اننگز میں چار وکٹ لئے تھے ۔اشون نے 16.3 اوور میں 49 رن دے کر دو وکٹ لئے اور اس کے ساتھ ہی انہوں نے سابق لیگ اسپنر بھاگوت چندر شیکھر کو پیچھے چھوڑ دیا اور ملک کے چھٹے سب سے زیادہ کامیاب بولر بن گئے ۔چندر شیکھر کے 242 وکٹ تھے جبکہ اشون 243 وکٹ ہو چکے ہیں۔بھونیشور نے 11 رن پر ایک وکٹ اور جینت یادو نے 39 رن پر ایک وکٹ لیا۔