افغانستان میں سلمی ڈیم کے افتتاح کے بعدقطر پہنچے مودی

دوحہ؍ہرات ، 4 جون (یو این آئی) وزیر اعظم نریند مودی اپنے پانچ روزہ غیر ملکی دورے کے دوسرے مرحلے میں افغانستان کے بعد دوحہ یعنی قطر پہنچ گئے ہیں۔ جہاں ان کا پرتپاک خیر مقدم کیا گیا۔ وزیراعظم کے استقبال کیلئے قطر کے وزیراعظم شیخ عبداللہ بن ناصر خود ایئر پورٹ پر موجود تھے۔ اس سے قبل وزیر اعظم نریندر مودی اور افغان صدر اشرف غنی نے آج یہاں افغان۔ ہند دوستی باندھ (سلمی ڈیم ) کا افتتاح کرکے علاقے کے لوگوں کا تین دہائی پرانا خواب سچ کر دیا۔ مسٹر نریندر مودی اور مسٹر اشرف غنی نے ہرات میں غازی امان اللہ خان ہال میں ریموٹ کنٹرول کے ذریعہ یہاں سے تقریبا 150 کلو میٹر دور واقع اس باندھ کو افغان عوام کے لئے وقف کیا۔ افغان صدر نے اس کیلئے ہندوستان کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ ہندوستان کی مدد سے یہاں کی عوام کا تیس سال پرانا خواب شرمندہ تعبیر ہو گیا۔ انہوں نے کہا کہ ہندوستان اور افغانستان کی دوستی ایک نئے دور میں داخل ہوگئی ہے ۔ اس باندھ سے تعاون اور خوشحالی کا نیا باب شروع ہوگا۔ مسٹر مودی نے مسٹر غنی کے جذبات پر شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ یہ باندھ نہ صرف اس علاقے کے لوگوں کی خوشحالی کے لیے ہے بلکہ افغانستان کے مستقبل کے مستقبل کے بارے میں لوگوں کی امیدوں کو پھر سے بحال کرنے کے لئے ہے ۔