امریکہ میں دھماکہ کیلئے تیار دھونی اینڈ کمپنی

فلوریڈا، 25 اگست (یو این آئی) ویسٹ انڈیز میں وراٹ کوہلی کی کپتانی میں ٹیسٹ سیریز فتح کرنے کے بعد اب ہندستانی کرکٹ ٹیم امریکہ میں ویسٹ انڈیز کے خلاف دو ٹوئنٹی 20 میچوں کی سیریز کے لیے اترنے جا رہی ہے جہاں عالمی چمپئن ٹیم کے خلاف جیت دلانے کی ذمہ داری اس بار مہندر سنگھ دھونی کے کندھوں پر رہے گی۔ہندستان اور ویسٹ انڈیز کے درمیان فلوریڈا میں دو ٹوئنٹی 20 میچوں کی سیریز کرانے کا مقصد بنیادی طور پر امریکہ میں کرکٹ کو فروغ دینا بھی ہے تو وہیں یہ سیریز دونوں ٹیموں کے لئے بھی اہم ہونے والی ہے جہاں دھونی طویل عرصے بعد ہندستانی ٹیم کی قیادت کریں گے تو وہیں کارلوس بریتھویٹ بھی پہلی بار ویسٹ انڈیز ٹیم کی کپتانی سنبھالیں گے ۔فلوریڈا کے سینٹرل برو ورڈ ریجنل پارک میں سیریز کے دو ٹوئنٹی 20 میچ منعقد کئے جائیں گے جو یہاں ہونے والی دوسری بین الاقوامی سیریز ہے ۔اس سے پہلے سال 2010 میں یہاں نیوزی لینڈ اور سری لنکا کے درمیان دو ٹوئنٹی 20 میچ کھیلے گئے تھے ۔تاہم ویسٹ انڈیز ٹیم کو یہاں کھیلنے کا فائدہ مل سکتا ہے جو کیریبین پریمیئر لیگ کے قریب چھ میچ یہاں کھیل چکی ہے ۔لاڈرھل میں 27 اور 28 اگست کو ہونے والے میچوں کے لیے بدھ کو ہندستانی ٹیم امریکہ پہنچی تھی جس کی ہندستانی کرکٹ کنٹرول بورڈ (بی سی سی آئی) نے ٹوئٹر پر جانکاری بھی دی۔ٹیم انڈیا اب سیریز سے پہلے خود کو یہاں کی کنڈیشنز میں ڈھالنے سے پہلے جمعرات کو پریکٹس کیلئے اترے گی۔کھیل کے سب سے طویل فارمیٹ ٹیسٹ سے براہ راست خود کو سب سے چھوٹی ٹوئنٹی 20 فارمیٹ میں ڈھالنا یقیناًایک بڑا چیلنج رہے گا۔ٹیسٹ سیریز میں بھلے ہی ویسٹ انڈیز کو اپنی ہی زمین پر شکست کا منہ دیکھنا پڑا تھا لیکن کیریبین ٹیم نے اسی سال ہندستان کی میزبانی میں ہوئے ٹوئنٹی 20 ورلڈ کپ میں خطاب جیتا تھا اور وہ ایک بار پھر دھونی اینڈ کمپنی کے لیے اس فارمیٹ میں چیلنج ثابت ہو سکتی ہے ۔امریکہ میں ہند نژاد لوگ بڑی تعداد میں رہتے ہیں اور ایسے میں ٹیم انڈیا کے لیے زیادہ حمایت کے ساتھ بہتر کارکردگی کا دباؤ بھی رہے گا۔وہیں ویسٹ انڈیز ٹیم کو چمپئن بنانے والے کپتان ڈیرن سیمی کو نہ صرف کپتانی سے ہٹا دیا گیا ہے بلکہ وہ ٹیم کا بھی حصہ نہیں ہوں گے ۔لیکن ورلڈ کپ میں اپنے مسلسل چار چھکوں سے میچ جتانے والے بریتھویٹ بڑا خطرہ ہو سکتے ہیں۔بریتھویٹ اپنے پسندیدہ فارمیٹ میں کپتانی کرنے کو لے کر بہت پرجوش ہیں اور ٹیسٹ میں شکست کی شرمندگی سے ٹیم کو نکالنا چاہتے ہیں۔انہوں نے کہا کہ ویسٹ انڈیز کی ٹیم کی قیادت کرنے میں انہیں کوئی پریشانی نہیں ہوگی اور کھلاڑیوں کے ساتھ کسی طرح کا سمجھوتہ نہیں کروں گا۔سیمی کے بعد کرسی سنبھالنے والے بریتھویٹ اپنی کپتانی میں ٹیم کو کامیابی دلانا چاہتے ہیں اور دھونی کے لیے یہ بڑا چیلنج ثابت ہو سکتا ہے جو کافی وقت کے بعد بین الاقوامی کرکٹ میں واپس آ رہے ہیں۔ویسے ہندستانی ٹیم کے پاس بہترین کھلاڑیوں کی کمی نہیں ہے اور ٹیسٹ سیریز جیتنے کے بعد اس کا اعتماد بھی کافی بلند ہے ۔وراٹ کوہلی، شکھر دھون، روھت شرما، روی چندرن اشون جیسے کھلاڑیوں کے لئے فارمیٹ میں اچانک تبدیلی کچھ مشکل ہو سکتی ہے لیکن وہ سب اچھی فارم میں ہیں اور ایسے میں ہندستانی ٹیم کا پلڑا بھی برابر ہی کہا جا سکتا ہے ۔ہندستان نے حال ہی میں آسٹریلیا اور سری لنکا کے خلاف ٹوئنٹی 20 میں اچھی کارکردگی کی ہے جبکہ جون میں زمبابوے کے خلاف اس نے 2۔1 سے سیریز جیتی تھی۔ہندستان کی 14 رکنی ٹیم میں سب سے بڑی تبدیلی صرف کپتانی کا رہے گی جس میں اس بار قیادت وراٹ کے بجائے دھونی کے پاس رہے گی اور ٹیم انڈیا کے پاس ورلڈ کپ سیمی فائنل میں ملی شکست کا ویسٹ انڈیز سے بدلہ لینے کا موقع بھی رہے گا۔