انٹر آرٹس کا ٹاپر گرفتار،ریزلٹ رد

پٹنہ 02 جون (اوم سنگھ): بہار اسکول اکزامنیشن بورڈ نے انٹر آرٹس کے ٹاپرگنیش کمار کا ریزلٹ رد کردیا ہے۔اس کے ساتھ ہی اس کے خلاف ایف آئی آر درج ہونے کے بعد اسے گرفتار کرلیا گیا ہے۔یہ اطلاع بورڈ کے چیئرمین آنند کشور نے آج شام ایک پرہجوم پریس کانفرنس میں دی۔ اس کے ساتھ ہی یہ بات طے ہوگئی ہے کہ لگاتار دوسرے سال بھی انٹر آرٹس کا ٹاپر تبدیل ہوگا۔ بورڈ کے چیئرمین نے بتایا کہ گنیش کمار کا ریزلٹ تو اپنی جگہ صحیح ہے اور میرٹ کے مطابق اسے بورڈ نے جو ٹاپر قرار دیا تھا وہ بھی اپنی جگہ صحیح تھا کیونکہ کاپیوں کی جانچ میں اس کی تحریر میں کوئی فرق نہیں تھا۔ اس کے علاوہ اکسپرٹ کمیٹی نے بھی اس سے جو بات چیت کی ہے اس سے یہ بات صاف ہوگئی ہے کہ اس نے جو کچھ بھی لکھا ہے وہ اپنی میرٹ سے لکھا ہے اور اپنی میرٹ کی بنیاد پر اس نے سب سے زیادہ نمبر اور پہلی پوزیشن حاصل کی تھی۔ سوال وجواب میں بھی اس نے تمام سوالوں کے صحیح جوابات دیئے ہیں۔ اس لئے اس کے ریزلٹ میں کوئی خامی نہیں ہے ۔ البتہ تحقیقات میں یہ بات سامنے آئی ہے کہ اس کی عمر بہت زیادہ ہے اور اس نے اپنی عمر چھپانے کیلئے غلط طریقے اپنا کر اور نام بدل کر دوبارہ 2015 میں میٹرک کا امتحان دیا اور پھر 2017 میں انٹر کا اکزام دیا اور چونکہ اس نے عمر چھپانے کیلئے غلط طریقے اپنائے اور دھوکہ دہی کیا اس لئے اس بنیاد پر اس کے ریزلٹ پر فی الحال روک لگادی گئی ہے۔ اس سے وضاحت طلب کی گئی ہے کہ کیوں نہیں اس کا ریزلٹ رد کردیا جائے۔ اس کارروائی کے بعد اب انٹر آرٹس کے موجودہ ٹاپر گنیش کمار کا ریزلٹ رد ہونے اور سیکنڈ ٹاپر کو اصلی ٹاپر قرار دینے کی راہ ہموار ہوگئی ہے۔ اس بیچ گنیش کمار کو ایف آئی آر درج ہونے کے بعد پولس نے گرفتار کرلیا ہے۔