انٹر امتحان 14 فروری اور میٹرک امتحان یکم مارچ سے

پٹنہ 04 اکتوبر (سنجیو کمار): بہار اسکول اکزامنیشن بورڈ نے 2017کے میٹرک اور انٹر امتحانات کی تاریخوں کا اعلان کردیا ہے۔ انٹر کے امتحانات 14 فروری سے 25 فروری تک لئے جائیں گے جبکہ میٹرک امتحان یکم مارچ سے 8 مارچ تک ہوں گے۔ بورڈ کی طرف سے اس بار میٹرک اور انٹر کی جوابی کاپیوں میں بھی ہائی ٹیک تبدیلی کی جارہی ہے۔ بورڈ کے چیئرمین آنند کشور نے میڈیا کو بتایا کہ ابھی تک ورٹیکل سائز میں میٹرک اور انٹر کی جوابی کاپیاں ہوتی تھیں اب اسے ہورزنٹل سائز میں ڈیزائن کیا جارہا ہے۔ کمپارٹمنٹل کے ساتھ 2017کے امتحانات بھی بدلی ہوئی جوابی کاپیوں کے ذریعہ لئے جائیں گے۔ بورڈ کے مطابق ہرزنٹنل سائز میں بار کوڈنگ اور کاپی کی اسکیننگ میں کافی آسانی ہوتی ہے۔ اس بار بورڈ نے ہر طرح کی حفاظتی تیاریاں کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔ 2016 کے مقابلے میں اگلے سال 10 دن پہلے انٹر اور میٹرک کے امتحانات لئے جائیں گے۔ اس بار انٹر میں 13لاکھ امیدواروں کے شامل ہونے کا امکان ہے جبکہ میٹرک میں 15 لاکھ امیدوار شامل ہوسکتے ہیں۔ اس بار سارا کام آن لائن ہوگا ۔رجسٹریشن سے لے کر امتحان فارم تک سارے فارم آن لائن بھرے جائیں گے۔