اپنے پہلے سرکاری دورہ ہند پر نیپالی صدر کی نئی دہلی آمد

نئی دہلی، 17 اپریل (یو این آئی) نیپال کی صدر جمہوریہ بدیا دیوی بھنڈاری اپنے پانچ روزہ سرکاری دورہ ہند پر آج یہاں پہنچیں، جو ان کے اکتوبر 2015 میں عہدہ سنبھالنے کے بعد پہلا غیر ملکی دورہ ہے ۔ محترمہ بدیا دیوی بھنڈاری اپنے دورے میں گجرات اور اڈیشہ بھی جائیں گی ، جہاں وہ سومناتھ اور پوری مندر کا درشن کریں گی۔ ایک اعلی سطح کا وفد بھی ان کے ہمراہ ہے ، جس میں مختلف پارٹیوں کے لیڈران اور حکام شامل ہیں۔ نیپال کی صدر محترمہ بدیا دیوی بھنڈاری صدر جمہوریہ ہند پرنب مکھرجی کی دعوت پر بطور سرکاری مہمان ہندوستان کے دورے پر ہیں، جس میں وہ مسٹر پرنب مکھرجی، نائب صدر محمد حامد انصاری اور وزیر اعظم نریندر مودی سے ملاقاتیں کریں گی۔ وزیر خارجہ سشما سوراج ، وزیر داخلہ راجناتھ سنگھ ، وزیر خزانہ ارون جیٹلی اور حزب اقتدار و حزب اختلاف کے دیگر لیڈران بھی ان سے ملاقات کرنے والے ہیں۔ وزارت خارجہ کی جوائنٹ سکریٹری سدھاکر دلیلا نے کہا کہ نیپالی صدر جمہوریہ کے اولین دورہ ہند سے دونوں ملکوں کی ترجیح کی عکاسی ہوتی ہے ، جو ہندو نیپال کے درمیان قدیم انوکھے تعلقات، وسیع شراکت داری اور مشترکہ تاریخی وثقافتی وراثت کے روابط اور دو طرفہ عوامی رابطے کو مزید تقویت دینے میں مرکوز کررہے ہیں۔