اچھی شروعات کے بعد لڑکھڑایا ہندوستان

کانپور، 22 ستمبر (یواین آئی) ہندوستانی کرکٹ ٹیم تاریخ کے 500 ویں ٹیسٹ کے پہلے دن اچھے آغاز کے باوجود لڑکھڑا گئی اور نیوزی لینڈ کے خلاف جمعرات کو ٹیم اپنی پہلی اننگز میں مرلی وجے اور چتیشور پجارا کی نصف سنچریوں کی بدولت دن کا کھیل ختم ہونے تک نو وکٹ پر 291 رن کا اسکور ہی بنا سکی۔ہندوستانی کپتان وراٹ کوہلی نے ٹاس جیت کر گرین پارک اسٹیڈیم میں نیوزی لینڈ کے خلاف پہلے بلے بازی کا فیصلہ کیا اور ٹیم نے پہلی اننگز میں 90 اوورز میں نو وکٹ کے نقصان پر 291 رنز بنائے ۔ رویندر جڈیجہ (16) اور امیش یادو (آٹھ) رن بنا کر کریز پر ہیں اور ٹیم کا صرف ایک وکٹ باقی ہے اور وہ پہلے دن کم از کم 300 کے اسکور تک پہنچنے کے ہدف سے قریب آکر چوک گئی۔ اس سے پہلے میچ کے ابتدائی سیشن میں بلے بازوں نے جہاں کمال کا مظاہرہ کیا وہیں ٹیم نے آخری سیشن میں مایوس کیا اور نیوزی لینڈ کے گیند بازوں کے سامنے گھریلو ٹیم نے اپنے آخری چار وکٹ 16 رن جوڑ کر گنوا دیے ۔ ہندوستان لنچ تک ایک وکٹ پر 105 رنز بنا کر مضبوط پوزیشن میں تھا. لیکن پھر چائے کے وقفہ سے پہلے تک نیوزی لینڈ نے 31 رن کے فرق پر 10.3 اوور میں ہندوستان کے تین وکٹ حاصل کر لئے ۔نچلی صف میں روہت شرما (35) اور روی چندرن اشون (40) کے آؤٹ ہونے کے بعد پھر کوئی اور بلے باز 20 کے اسکور تک بھی نہیں پہنچ سکا۔ وکٹ کیپر رددھمان ساہا اور محمد سمیع صفر پر آؤٹ ہوئے ۔نیوزی لینڈ کے سب سے تجربہ کار گیندباز ٹرینٹ بولٹ نے سمیع کو ہندوستان کے نویں اور دن کے آخری بلے باز کے طور پر صفر پر آؤٹ کیا۔بولٹ نے ساہا، اشون اورسمیع کے وکٹ جھٹکے اور 16 اووروں میں 52 رن پر دن کے اپنے تین وکٹ پورے کئے ۔ وہیں اسپنروں کے لیے مددگار مانی جا رہی پچ پر مشیل سینٹنر نے بھی کمال کی گیند بازی سے ہندوستانی بلے بازوں کو پریشان کیا اور ٹاپ آرڈر کے تین اہم وکٹیں حاصل کیں۔ انہوں نے لوکیش راہل، چتیشور پجارا اور روہت شرما کے اہم وکٹ لئے ۔ اس سے پہلے اپنے تاریخی 500 ویں ٹیسٹ کو جیت کے ساتھ یادگار بنانے کے مقصد کے ساتھ کھیل رہی میزبان ٹیم نے اچھی شروعات کی اور لوکیش راہل اور مرلی وجے نے پہلے وکٹ کے لئے 42 رن کی ساجھے داری کی۔ آخری الیون سے باہر کئے گئے شکھر دھون کی جگہ شامل کئے گئے سلامی بلے باز لوکیش اگرچہ بڑی اننگز نہیں کھیل سکے اور 32 رن بنا کر لنچ سے پہلے آؤٹ ہو گئے ۔