اکھلیش نے بنارس بھگدڑ کی عدالتی جانچ کا حکم دیا

لکھنؤ، 18 اکتوبر (یو این آئی) اترپردیش کے وزیرا علی اکھلیش یادو نے بنارس کے راج گھاٹ میں پیش آنے والے بھگدڑ کے واقعہ کی عدالتی جانچ کا حکم دیا، جس میں 25 لوگوں کی موت ہوگئی تھی۔ گزشتہ دیر شب کو وزیر اعلی کے دفتر سے جاری ہونے والے بیان میں کہا گیا ہے کہ الہ آباد ہائی کور ٹ کے ریٹائرڈ جج راجمنی چوہان اس واقعہ کی جانچ کریں گے ۔ ایک رکنی جوڈیشل انکوائری پینل کو دو مہینے میں اپنی رپورٹ دینے کا حکم دیا گیا ہے ۔ واضح رہے کہ بنارس میں ہفتہ کے روز راج گھاٹ پل کے نزدیک یہ بھگدڑ ہوئی تھی، جہاں جے گرو دیو کے عقیدت مند کثیر تعداد میں ایک مذہبی پروگرام میں حصہ لینے کے لئے جمع ہوئے تھے اور پل منہدم ہونے کی افواہ کے بعد بھیڑ میں بھگدڑ ہوئی تھی۔وزیر اعلی نے اس واقعہ میں ہلاک شدگان کے لئے پہلے ہی مالی معاوضے کا اعلان کردیا ہے ۔