اکھلیش یادو نے جموں وکشمیر امن یاترا کو روانہ کیا

لکھنؤ 28 ستمبر (ایجنسی): وزیراعلیٰ اکھلیش یادو نے آسام سے جموں وکشمیر کیلئے نکالی گئی امن خیر سگالی سائیکل یاترا کو اپنی رہائش گاہ سے روانہ کیا۔ اس موقع پر انہوں نے یاترا میں شامل نوجوان لڑکوں لڑکیوں کا تعارف حاصل کرتے ہوئے ان کی اس کوشش کی تعریف کی۔ انہوں نے کہا کہ بھید بھاؤ سے پاک معاشرے کی تشکیل میں ہر فرقہ اور طبقہ کے لوگوں کو شامل ہونا چاہئے۔ وزیراعلیٰ نے کہا کہ اس یاترا کے توسط سے ماحولیات کے تئیں بیداری پیدا کرنے اور لوگوں کو نشہ سے پرہیز کرنے اور عدم تشدد کے راستے پر چلانے کیلئے کوشش ہونی چاہئے۔ جو لوگ اس یاترا کا اہتمام کررہے ہیں وہ قابل مبارکباد ہیں۔ اس طرح کی کوشش ہر ریاست میں ہونی چاہئے۔