ایئر ایشیا کے سلسلے میں سائرس مستری کے بیان پر حکومت کی نظر

نئی دہلی 27 اکتوبر (تاثیر بیورو): مرکزی شہری ہوابازی وزارت نے کہا ہے کہ وہ ٹاٹا گروپ کے برخاست چیئرمین سائرس مستری کے ذریعہ ایئر ایشیا انڈیا کے بارے میں کئے گئے انکشافات پر نظر رکھے ہوئے ہے اور اگر اس کے نوٹس میں کوئی قابل کارروائی بات آئی تو اس پر قدم اٹھایا جائے گا۔ ایئر ایشیا انڈیا میں ٹاٹا گروپ کی شراکت داری ہے۔ شہری ہوا بازی کے سکریٹری آر این چوبے نے کہا کہ ہم کسی بھی قسم کی معلومات کا انتظار کررہے ہیں ابھی تک ہمیں کچھ نہیں ملا ہے۔ مستری نے ایئر ایشیا کے ساتھ ٹاٹا گروپ کے ہوا بازی کے شعبے میں اخلاقیات سے متعلق تشویش کااظہار کرتے ہوئے الزام لگایا ہے کہ فورنسک جانچ میں 22 کروڑ روپئے کے دھوکہ دھڑی والے لین دین کاخلاصہ ہوا ہے۔ یہ لین دین بھارت اور سنگا پور میں ایسی اکائیوں کے ساتھ کیا گیا ہے جن کاکوئی وجود ہی نہیں ہے۔ مستری کے ایئر ایشیا انڈیا کے خلاف الزامات پر وزارت شہری ہوا بازی کے ایک دیگر افسرا نے کہا کہ اگر وزارت کے نوٹس میں کوئی نئی بات لائی جاتی ہے تو اسے اہل افسر دیکھیں گے۔ مستری کو سوموار کے دن ٹاٹا گروپ کے چیئرمین کے عہدے سے ہٹادیا گیا تھا اور ان کی جگہ ان کے پیشرو رتن ٹاٹا نے سنبھال لی ہے۔ مستری کی خاندانی کمپنی شاپورجی پلون جی کنسٹرکشن کے شعبے کی اہم کمپنی ہے اور یہ ٹاٹا گروپ کے سب سے بڑے شیئر ہولڈر میں سے ہیں۔