ایف ڈی آئی پالیسی میں تبدیلی سے سرمایہ کاری اور روزگار بڑھے گا: مودی

نئی دہلی ,20 جون (یو این آئی) وزیر اعظم نریندر مودی نے آج کہا کہ براہ راست غیر ملکی سرمایہ کاری (ایف ڈی آئی) کی پالیسی میں کی گئی تبدیلی سے ملک میں مزید سرمایہ کاری بڑھنے کے ساتھ ہی روزگار کے مواقع میں بھی اضافہ ہوگا، جس سے معیشت کو فائدہ ہو گا۔مسٹر مودی نے اپنے ٹویٹ میں کہا، ”حکومت کے اس فیصلے سے ہندوستان ایف ڈی آئی کے لئے اب دنیا کی سب سے زیادہ کھلی معیشت بن گیا ہے ۔ زیادہ تر سیکٹروں میں خودکار راستے سے سرمایہ کاری کرنے کی اجازت فراہم کی گئی ہے ۔ اس سے ملک میں سرمایہ کاری بڑھے گا، روزگار کے نئے مواقع پیدا ہوں گے اور معیشت کو فائدہ ہو گا”۔ انہوں نے کہا کہ گزشتہ دو سال میں ان کی حکومت نے کئی سیکٹروں کے لئے ایف ڈی آئی پالیسی میں بہتری کئے ہیں۔ اس بدولت مالی سال16 ۔2015 میں ملک میں ریکارڈ 55.46 ارب ڈالر کی سرمایہ کاری ہوئی ۔ کئی بین الاقوامی ایجنسیوں نے سرمایہ کاری اپنی طرف متوجہ کرنے کے لئے ہندوستان کو دنیا کے نمبر ایک منزل کی ریٹنگ دی ہے ۔وزیر اعظم نے کہا کہ ایف ڈی آئی پالیسی میں ترمیم سے ملک میں کاروبار کرنے کو مزید آسان بنانے میں مدد ملے گی۔ ساتھ ہی اس سے ایف ڈی آئی کا لبرل دور شروع ہونے سے سرمایہ کاری بڑھنے کی بدولت روزگار کے مواقع اور آمدنی دونوں میں اضافہ ہوگا۔قابل ذکر ہے کہ حکومت نے ایف ڈی آئی پالیسی میں نرمی برتے ہوئے آج کھانے کی مصنوعات، نشریات اور فضائی سروس میں سوفیصد ایف ڈی آئی کی اجازت دے دی ہے ۔ اس کے علاوہ فارما، سیکورٹی ایجنسی، دفاع اور واحد برانڈ خوردہ کاروبار میں ایف ڈی آئی کے قوانین میں بھی بڑی تبدیلی کی گءئ ہے ۔