ایم ایس کے پرساد بنے ہندستانی کرکٹ چیف سلیکٹر

ممبئی، 21 ستمبر (یو این آئی) سابق وکٹ کیپر ایم ایس کے پرساد کو ہندوستانی کرکٹ کنٹرول بورڈ (بی سی سی آئی) کی سینئر قومی سلیکشن کمیٹی کا نیا صدر منتخب کیا گیا ہے اور وہ اس عہدے پر سندیپ پاٹل کی جگہ لیں گے ۔ہندستانی کرکٹ کنٹرول بورڈ نے یہاں اپنی 87 ویں سالانہ عام میٹنگ میں یہ فیصلہ لیا اور پانچ زون سے سلیکٹر منتخب کرنے کی اپنی پالیسی کو برقرار رکھا تاہم لوڈھا کمیٹی نے بی سی سی آئی میں تین رکنی سلیکشن کمیٹی رکھنے کی سفارش کی تھی۔بورڈ نے پہلی بار سلیکٹرز کی تقرری کیلئے عوامی طور پر درخواست مانگی تھیں ۔ اس سے پہلے پرساد گذشتہ سال نومبر میں پاٹل کی سربراہی میں منتخب ٹیم کا حصہ رہے تھے ۔سابق آف اسپنر شرن دیپ سنگھ اور سابق بلے باز گگن کھوڑا، دیبانگ گاندھی اور جتن پرانجپے پانچ رکنی سلیکشن ٹیم کے دیگر سلیکٹر منتخب کئے گئے ہیں۔اس کے علاوہ سابق ہندستانی فاسٹ بولر وینکٹیش پرساد کو جونیئر سلیکشن کمیٹی کا نیا صدر منتخب کیا گیا ہے ۔اس کمیٹی میں امت شرما، گیانندر پانڈے اور آشیش کپور نئے رکن چنے گئے ہیں جبکہ راکیش پاریکھ کو برقرار رکھا گیا ہے ۔بی سی سی آئی نے گزشتہ ہفتے اعلان کیا تھا کہ وہ قومی سینئر مرد، خواتین اور جونیئر ٹیموں کیلئے سلیکٹرز کا الیکشن انٹرویو کے عمل کے تحت کرے گا۔بورڈ نے گزشتہ زونل عمل کو ختم کرتے ہوئے انٹرویو کے ذریعے پانچ سلیکٹر منتخب کئے لیکن اس نے لوڈھا کمیٹی کی تین رکنی کمیٹی کی سفارش کو درکنار کر دیا۔اس میں شرن دیپ، گاندھی اور پرانجپے تینوں ہی مختلف زون سے ہیں اور ان کا انٹرویو سے انتخاب کیا گیا ہے ۔لوڈھا کمیٹی نے اپنی سفارش میں یہ بھی کہا تھا کہ سابق ہندستانی ٹیسٹ کھلاڑیوں کو ہی مرد اور خاتون سلیکشن کمیٹیوں میں مقرر کیا جائے بشرطیکہ انہوں نے کھیل سے کم از کم پانچ سال پہلے ریٹائرمنٹ لے لیا ہو۔لیکن چنے گئے نئے سلیکٹرز میں کھوڑا اور پرانجپے نے کبھی ٹیسٹ کرکٹ نہیں کھیلا ہے ۔بورڈ نے خود اپنے اشتہار میں دیے پیرامیٹرز میں کہا تھا کہ امیدوار نے ہندوستانی ٹیم کی جانب سے کم از کم ایک ٹیسٹ یا ون ڈے میچ یا 50 فرسٹ کلاس میچ کھیلا ہونا چاہیے ۔خواتین سلیکشن کمیٹی کا سربراہ ھیم لتا کو بنایا گیا ہے ۔خواتین کمیٹی کی دیگر ارکان میں ششی گپتا، انجلی پیڈھارکر، لوپمدرا بنرجی اور سدا شاہ ہیں۔