ایم ایل سی کے شوہر اور باڈی گارڈ کو جیل

فرار بیٹے کی گرفتاری کیلئے چھاپہ ماری جاری، اپوزیشن کے گیا بند کا ملاجلا اثر ، نتیش نے کہا قصوروار کو بخشا نہیں جائے گا

گیا ؍پٹنہ9مئی(تاثیر نیوز سروس): گیامیں ایک تاجر کے بیٹے کے قتل کے معاملے میں جنتا دل یو کی رکن کونسل منورما دیوی کے شوہر بندی یادو اور باڈی گارڈ کو گیا کی ایک عدالت نے14 دنوں کی عدالتی حراست میں جیل بھیج دیا ۔ جبکہ قتل کے اہم ملزم اور رکن کونسل کے بیٹے راکی کی گرفتاری کیلئے چھاپہ ماری جاری ہے۔ اس معاملے میں وزیر اعلی نتیش کمار نے خاموشی توڑی ہے۔نتیش نے پیر کو پٹنہ میں پریس کانفرنس کرکے کہا کہ قانون اپنا کام کرے گا،کسی کو بھی قانون اپنے ہاتھ میں لینے کی اجازت نہیں دی جائے گی۔یہ المناک واقعہ ہے اور مجھے اس کی اطلاع ملی تو دکھ ہوا،اس معاملے میں سخت کارروائی کی جائے گی۔باڈی گارڈ کو معطل کر دیا گیا ہے،اس معاملے میں کوئی ڈھیلائی نہیں برتی جا رہی ہے۔معاملے کی آزادانہ اور منصفانہ تحقیقات کی جا رہی ہے،معاملے میں پولیس نے جس طرح کارروائی کی، اس کی تعریف کی جانی چاہئے۔اگر رکن کونسل بھی اس معاملے میں قصوروار پائی جاتی ہیں تو ان کے خلاف بھی کارروائی کی جائے گی۔کوئی دعوی نہیں کر سکتا کہ ریاست میں جرائم کی کوئی واردات نہیں ہوگی۔مسئلہ یہ ہے کہ اگر کوئی واقعہ ہوتا ہے تو اس صورت میں کیا ایکشن لیا جاتا ہے۔ادھر رکن کونسل منورما دیوی نے گیا میں پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کہا ہے کہ انہیں سازش کے تحت پھنسانے کی کوشش کی جارہی ہے۔