ایم پی کو ایئرپورٹ پر چھوڑکر جیٹ ایئر ویز نے بھری پرواز

نئی دہلی، 15؍جون (ابصار احمد صدیقی)۔ شیوسینا کے چپل مار ممبر پارلیمنٹ رویندر گائیکواڑ نے کچھ دن پہلے ہی ایئر انڈیا کے ملازم کے ساتھ بدسلوکی کی تھی، اس معاملے نے کافی طول بھی پکڑا تھا، لیکن اب مہاراشٹر کے ہی ایک ممبر پارلیمنٹ اور سوابھیمانی کسان تنظیم کے لیڈر راجو شیٹی کے ساتھ بھی ایسا ہی کچھ ہواہے ، لیکن اس بار معاملہ ممبر پارلیمنٹ کی نہیں ،بلکہ جیٹ ایئر ویز کی لاپرواہی کا ہے، جس کی شکایت ممبر پارلیمنٹ نے سول ایوی ایشن کی وزارت اور صارفین عدالت میں کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔دراصل بدھ کی صبح جیٹ ایئر ویز کے طیارے سے ممبر پارلیمنٹ راجو شیٹی کو ممبئی سے دہلی آنا تھا، لیکن ایئر لائن نے انہیں ایئرپورٹ پر ہی چھوڑ کر پرواز بھر لی۔راجو شیٹی کا کہنا ہے کہ صبح 6بجے بجے کی فلائٹ کے لیے وہ 4بجے ایئرپورٹ پہنچ گئے تھے، انہوں نے دہلی جانے کے لیے بورڈنگ پاس بھی لیا تھا، تب طیارے میں ایک گھنٹے کا وقت تھا، اس لیے وہ لاؤنج میں بیٹھے تھے، جب 20 پہلے وہ بورڈنگ کے لیے گئے، تب ایئر لائنز کے عملے نے انہیں بورڈنگ بند ہونے کی اطلاع دی۔راجو شیٹی کو پارلیمانی کمیٹی کی اہم میٹنگ کے لیے دہلی آنا تھا ، لہذا انہوں نے حکام کو جب اپنا مسئلہ بتایا ، تو انہیں 7بجے کی فلائٹ کا ٹکٹ دیا گیا، لیکن اس کے لیے ان سے 2ہزار روپے زیادہ لئے گئے۔شیٹی نے یہ ادائیگی کارڈ سے کی ، لیکن جیٹ ایئر ویز کی جانب سے انہیں رسید تک نہیں دی گئی۔ممبرپارلیمنٹ شیٹی کا کہنا ہے کہ اب تک وہ گائیکواڈ معاملے میں ایم پی کو ہی غلط مانتے رہے ،لیکن آج ایئر لائنز نے ان کے ساتھ بغیر کسی غلطی کے جو سلوک کیا ہے ،اس سے یہ لگتا ہے کہ گائیکواڈ نے جو کیا، وہ صحیح تھا۔پورے معاملے پر جیٹ ایئر ویز نے بھی بیان جاری کیا ہے۔کمپنی کا کہنا ہے کہ راجو شیٹی طے وقت تک بورڈنگ گیٹ پر نہیں پہنچے تھے، ساتھ ہی انہیں دوسری فلائٹ کا آپشن دیا گیا اور ان سے لیا گیا پیسہ معافی کے ساتھ انہیں واپس کیا گیا ہے۔