ای وی ایم پر سوال:اپوزیشن پہنچا الیکشن کمیشن

نئی دہلی،یکم اپریل (یو این آئی) مدھیہ پردیش کے بھنڈ ضلع میں الیکٹرانک ووٹنگ مشینوں (ای وی ایم) میں گڑبڑی کرنے کا الزام لگاتے ہوئے آج کانگریس مرکزی الیکشن کمیشن پہنچی اور بیلٹ پیپر کے ذریعہ ووٹنگ کرانے کی مانگ کی۔قابل ذکر ہے کہ بھنڈ ضلع کے ایئراسمبلی علاقہ کے ضمنی چناؤ کے لیے ووٹنگ مشین کی آزمائش کے دوران کوئی بھی بٹن دبانے پر بی جے پی کو ہی ووٹ پڑنے کا معاملہ سامنے آیا ہے ۔ اس علاقہ میں 9 اپریل کو الیکشن ہونا ہے ۔اس کی شکایت کے لئے کانگریس کے سینئر لیڈر دگ وجے سنگھ کی قیادت میں پارٹی کے ایک وفد نے الیکشن کمشنر سے ملاقات کی۔ملاقات کے بعد مسٹر سنگھ نے اخباری نمائندوں کو بتایا کہ الیکشن کمیشن سے معاملہ کی پوری جانچ کرنے اور بیلٹ پیپر کے ذریعہ ووٹنگ کرانے کی مانگ کی گئی ہے ۔ انہوں نے کہا کہ مجھے شروع سے ہی ای وی ایم پر بھروسہ نہیں تھا جب ساری دنیا میں پولنگ بیلٹ پیپر سے ہورہی ہے تو ہمیں کیوں اعتراض ہونا چاہیے ۔قبل ازیں کانگریس کی مدھیہ پردیش اکائی کے سربراہ ارون یادو نے چیف الیکشن کمشنر نسیم زیدی کو پورے معاملہ کی شکایت کرتے ہوئے خط لکھا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ آزاد اور غیرجانب دارانہ چناؤ کرانے کے لئے بیلٹ پیپرسے کرانا چاہئے ۔ انہوں نے پورے معاملہ کی اعلیٰ سطحی یا سی بی آئی سے جانچ کرانے کا مطالبہ کیا ہے ۔دہلی کے وزیر اعلی اروند کیجریوال نے بھی الیکشن کمیشن سے ملاقات کرکے الیکٹرک ووٹنگ مشین (ای وی ایم) مشینوں میں مبینہ خرابی کے سلسلے میں اپنے خدشات سے آگاہ کیا اور مستقبل میں ای وی ایم کی جگہ بلیٹ پیپر سے ووٹنگ کرانے کا مطالبہ کیا۔الیکشن کمیشن سے ملنے کے بعد میڈیا سے خطاب کرتے ہوئے مسٹر کیجریوال نے ای وی ایم مشینوں میں گڑبڑی کے سلسلے میں اپنے شکوک و شبہات کی حمایت میں مدھیہ پردیش کے بھنڈ میں الیکشن کمیشن کی طرف سے حال میں ان مشینوں کے ٹیسٹ کئے جانے کا حوالہ دیا۔ انہوں نے کہا کہ اس ٹیسٹ کے دوران ای وی ایم سے منسلک وی وی پیٹ مشینوں میں سے صرف بھارتیہ جنتا پارٹی کے ہی پرچے آخر کس طرح نکلے ۔ انہوں نے کہا کہ خود کمیشن نے اس بارے میں بھنڈ کے ضلع مجسٹریٹ سے رپورٹ مانگی ہے ۔ مسٹر کیجریوال نے کہا کہ جب بھنڈ میں ایسا ہو سکتا ہے تو دیگر جگہوں پر ایسا نہیں ہو گا اس کی کیا ضمانت ہے اس لئے وہ کارپوریشن انتخابات میں وی ایم مشینوں کے مقام پر بلیٹ پیپر سے ووٹنگ کرانے کا مطالبہ کر رہے ہیں۔دریں اثنا ایسی خبریں ہیں کہ بھنڈ ضلع کے الیکشن حکام نے کہا ہے کہ وی وی پیٹ مشین سے بی جے پی کے نام کے پرچے نکلنے کی جو بات کہی جا رہی ہے اس کے پیچھے کا سچ یہ ہے کہ ایسا مشین کی مشقی جانچ کرنے کے دوران ہوا تھا۔ اس کا ای وی ایم مشین میں خرابی سے کوئی لینادینا نہیں ہے ۔مسٹر کیجریوال دہلی میونسپل کارپوریشن کے انتخابات میں ای وی ایم کی جگہ پر بلیٹ پیپر سے ووٹنگ کرانے کی کمیشن سے گزارش پہلے بھی کر چکے ہیں لیکن کمیشن نے اسے قبول نہیں کیا۔