باپو کے خیالات میں ہی مسائل کا حل: نتیش

پٹنہ، 23 مئی (اسٹاف رپورٹر)وزیر اعلی نتیش کمار نے موجودہ منظر نامہ میں بابائے قوم مہاتما گاندھی کے خیالات کو بامعنی قرارد یتے ہوئے کہا کہ باپو کے خیالات میں ہی مسائل کا حل ہے۔ مسٹر کمار نے آج یہاں چمپارن ستیہ گرہ کے سو سال کے موقع پر’ گاندھی کی راہ ، ملک کی ضرورت ‘موضوع پر سمینار سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ملک میں جس طرح کا ماحول بنتا جارہا ہے ایسے حالات میں گاندھی جی کے خیالات کو عوام تک پہنچانا ضروری ہے۔ بابائے قوم کے نظریات ہی حل ہیں ،ان کی باتیں آج بھی بامعنی ہیں۔ ضرورت کی تکمیل ہونی چاہئے لیکن لالچ کی اجازت نہیں دی جانی چاہئے۔ وزیر اعلی نے کہا کہ مہاتما گاندھی کے چمپارن ستیہ گرہ کے سو سال پورا ہونے کے موقع پر ریاستی حکومت کی طرف سے سال بھر تقریبات کا سلسلہ جاری رہے گا۔ وزیراعلیٰ نے کہا کہ 10 اپریل وہ تاریخی دن تھا جس دن گاندھی جی چمپارن جانے کیلئے پٹنہ تشریف لائے تھے۔ وہ پٹنہ سے مظفر پور گئے تھے ، وہاں پر کچھ دن ٹھہرے تھے، اس کے بعد وہ موتیہاری گئے تھے۔ وہاں جو کچھ بھی ہوا اس سے آپ لوگ اچھی طرح واقف ہیں۔ وزیراعلیٰ نے کہا کہ راج کمار شکل نے گاندھی جی کو مدعو کیا تھا ، گاندھی جی نے ان کی دعوت قبول کی تھی ، گاندھی جی کے چمپارن ستیاگرہ نے جو شکل اختیار کی ، اس سے نہ صرف اس علاقہ میں ہورہے کسانوں کا استحصال ختم ہوا بلکہ اس سے پورے ملک میں پیغام پہنچا۔ وزیراعلیٰ نے کہا کہ چمپارن ستیاگرہ کی آزادی کی پوری تاریخ میں گراں قدر اہمیت رہی ہے۔ وزیراعلیٰ نے چمپارن ستیاگرہ کے حوالہ سے ریاست اور ملک کی ترقی کے مختلف زایوں پر روشنی ڈالتے ہوئے کہ بہار اقتدار کا مرکز رہا ہے۔انہوں نے شراب بندی مہم کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ یہاں سیاسی تحریکیں ہوتی رہی ہیں۔ لیکن سماجی تحریک بہت کم ہوئے ہیں۔ وزیراعلیٰ نے کہا کہ سماجی شعبے میں تبدیلی کی ضرورت ہے۔ دنیا میں بہت سی سماجی تحریکیں ہوئی ہوں گی مگر کسی بھی سماجی تحریک کی حمایت میں چار کروڑ لوگ شامل نہیں ہوئے ہوں گے۔ وزیراعلیٰ نے کہا کہ گاندھی جی کی ترغیب سے بہار میں جو بنیادی اسکول بنے ہیں ان سبھی بنیادی اسکولوں کی جدید کاری پورے سال جاری رہنے والی ستیاگرہ تقریبات کا حصہ ہوگی۔ بہار میں زراعت کے فروغ کے حوالہ سے وزیراعلیٰ نے کہا کہ زرعی روڈ میپ کا بنیادی اصول ہے کہ کسانوں کی آمدنی بڑھے ۔ ہمارے یہاں آج بھی 76 فیصد لوگوں کی روزی روٹی کا ذریعہ زراعت ہے اور 89 فیصد لوگ گاؤ میں رہتے ہیں۔ وزیراعلیٰ نے کہا کہ کسان کامطلب ہے صرف زمین کا مالک نہیں بلکہ جن کا بھی تعلق کھیتی سے ہے ان سبھی سے ہے۔ وزیراعلیٰ نے کہا کہ گاندھی کے نظریات میں ہی مسئلے کا حل ہے ، ان کی باتوں کی معنویت آج بھی برقرار ہے۔ اس موقع پر مہاتما گاندھی کے پرپوتے اور معروف مصنف تشار گاندھی ، ممتاز گاندھی وادی مفکر اور گاندھی سنگرہالیہ کے سکریٹری ڈاکٹر رضی احمد ، گاندھی شانتی پرتشٹھان کے چیئرمین کمار پرشانت ، سینئر صحافی مدھوکر اپادھیائے نے بھی اپنے اپنے خیالات پیش کئے۔ استقبالیہ تقریر ہندی روزنامہ پربھات خبر کے چیف ایڈیٹر آسوتوش چترویدی نے کی۔ اظہار تشکر راجندر تیواری نے کیا۔ اس موقع پر بڑی تعداد میں سیاسی ،سماجی اور تعلیمی شعبوں سے وابستہ سرکردہ شخصیتیں موجود تھیں۔