بدعنوانی پر روک لگانے کیلئے ہرممکن قدم اٹھائیں گے یوگی

لکھنؤ 31 مارچ (ایجنسی): اترپردیش کے وزیراعلیٰ یوگی آدتیہ ناتھ نے کہا ہے کہ موجودہ ریاستی حکومت مرکزی حکومت ہی کی طرز پر بدعنوانی کے خلاف سخت قدم اٹھانے کیلئے پر عہد ہے۔ انہوں نے کہا کہ بدعنوانی پر بندش لگانے کیلئے ہر ممکن قدم اٹھائے جائیں گے۔ اس کیلئے جہاں ہر محکمہ اور اسکیموں میں شفاف نظام قائم کرنے کاکام کیا جائے گا، وہیں ایماندار اور محنتی شبیہ کے افسران اور ملازمین کو مناسب مقامات پر تعینات کرکے ان کی حوصلہ افزائی کی جائے گی۔ یہ اطلاع دیتے ہوئے ریاستی حکومت کے ترجمان نے آج یہاں بتایا کہ اسی تسلسل میں وزیراعلیٰ نے ریاستی حکومت کے تمام وزراء کو ہدایت دی ہے کہ وہ اپنے نجی اسٹاف میں دیانتدار اور بے داغ شبیہ کے افراد کی تعیناتی ہی کرائیں، جس سے ریاستی حکومت کی بدعنوانی سے پاک اور شفاف انتظامیہ مہیا کرانے کے تصور کو عملی جامہ پہنایا جاسکے۔ ایسے کسی بھی ملازم کو نجی اسٹاف میں قطعی تعینات نہ کیا جائے جس کی شبیہ داغ دار ہو۔