بنگال میں سیلاب کیلئے دامودر ویلی کارپوریشن ذمہ دار : ممتا بنرجی

سلی گوڑی23اگست(یو این آئی)مغربی بنگال کی وزیر اعلیٰ ممتا بنرجی نے بنگال میں سیلاب کیلئے دامودر ویلی کارپوریشن کے ذریعہ پانی چھوڑے جانے کو ذمہ دار ٹھہراتے ہوئے کہا کہ ڈی وی سی ریاست سے رابطہ کیے بغیر پانی چھوڑدیتی ہے اس کی وجہ سے ریاست میں سیلاب کی صورت حال پیدا ہوجاتی ہے اور فصل کو بڑے پیمانے پر نقصان پہنچتا ہے ۔انہوں نے کہا کہ اس کے خلاف قانونی کارروائی کی جائے گی۔شمالی بنگال میں انتظامیہ جائزہ میٹنگ کے بعد نامہ نگاروں سے بات کرتے ہوئے وزیر اعلیٰ ممتا بنرجی نے کہا کہ بنگال واحد ریاست ہے جہاں بلاک سطح پر ترقیاتی کاموں کا جائزہ لیاجاتا ہے ۔انہوں نے کہا کہ ابھی صرف چار اضلاع میں ترقیاتی کاموں کا جائزہ نہیں لیا گیا ہے ۔اس میں سے ایک ہگلی کا ستمبر میں جائزہ لیا جائے گا۔وزیر اعلیٰ ممتا بنرجی نے اس موقع پر کئی پروجیکٹوں کا افتتاح کرتے ہوئے مالدہ اور سلی گوڑی میں لیبر کورٹ بنانے کا اعلان کیا ہے ۔وزیر اعلیٰ ممتا بنرجی نے مرکزی حکومت پر فلاحی اسکیموں کے فنڈ کو ختم کرنے کا الزام عاید کرتے ہوئے کہا کہ ریاستی حکومت نے چائے باغات کے ورکروں کیلئے 100کرور روپیہ مختص کیے ہیں ۔انہوں نے کہا کہ ٹی بورڈ کا ہیڈ کوارٹر بنگال سے باہر منتقل کرکے ورکروں کیلئے مزید پریشانی کھڑی کردی گئی ہے ۔