بنیادی سہولیات میں یوپی دیگر ریاستوں سے آگے: اکھلیش

لکھنؤ 09 اکتوبر (ایجنسی): وزیراعلیٰ اکھلیش یادو نے کہا ہے کہ موجودہ سماجوادی حکومت کی مدت کار میں ریاست نے تیزی سے ترقی کی ہے۔انہوں نے کہا کہ اترپردیش اب سڑک سمیت دیگر تمام بنیادی سہولیات میں دوسری ریاستوں سے بہت آگے ہے۔ انہوں نے کہا کہ سماجوادی حکومت میں ہرایک شعبے میں توازن بنانے کاکام کیا ہے۔ انہوں نے آگرہ۔ لکھنؤ ایکسپریس وے کاذکر کرتے ہوئے کہا کہ ملک کے اس سب سے لمبے ایکسپریس وے نے نہ صرف ملک کی راجدھانی دہلی اور ریاست کی راجدھانی لکھنؤ کو تیز آمدورفت کے ذریعہ جوڑ دیا ہے بلکہ اب تاج گنج (آگرہ) اور حضرت گنج (لکھنؤ) بھی ایک دوسرے سے جڑ گئے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ریاستی حکومت نے اب تک کے اپنے پوری مدت کار میں صرف اور صرف ریاست کی ترقی اور عوامی فلاح پر دھیان دیا ہے۔