بوپنا بنے ارجن ایوارڈ کے حقدار

نئی دہلی، 09 جون (یو این آئی) آل انڈیا ٹینس ایسوسی ایشن (آئیٹا) نے روہن بوپنا کو فرانسیسی اوپن میں اپنے کیریئر کا پہلا گرینڈ سلیم ٹائٹل جیتنے کے لئے مبارکباد دیتے ہوئے کہا ہے کہ اب ڈبلز کھلاڑی یقینا ممتاز کھیل ایوارڈ ارجن ایوارڈ جیتنے کے حقدار بن گئے ہیں۔بوپنا نے پیرس میں چل رہے سال کے دوسرے گرینڈ سلیم فرانسیسی اوپن میں مکسڈ ڈبلز کا خطاب جیت لیا ہے ۔ٹورنامنٹ میں انہوں نے کینیڈا کی گیبریلا ڈابرووسک¸ کے ساتھ مل کر یہ خطاب جیتا جو 37 سالہ بوپنا کے کیریئر کا پہلا گرینڈ سلیم بھی ہے ۔آئیٹا نے ہندوستانی مرد ڈبلز کھلاڑی کو ان کی اس کامیابی کے لیے مبارک باد دی ہے ۔ ٹینس یونین نے کہا کہ آل انڈیا ٹینس ایسوسی ایشن بوپنا کو گرینڈ سلیم جیتنے والا چوتھا ہندستانی بننے پر مبارک باد دیتی ہے ۔آپ اس جیت کے مستحق ہیں ۔ہم آپ کو مستقبل کے لئے مبارک باد دیتے ہیں۔ہمیں یقین ہے کہ آپ کی یہ کامیابی ملک میں نوجوان ٹینس کھلاڑیوں کی حوصلہ افزائی کرے گی۔ٹینس یونین نے ساتھ ہی بوپنا کی اس کامیابی کے بعد ان کے باوقار کھیل اعزاز جیتنے کا بھی بھروسہ ظاہر کیا ۔ انہوں نے کہا کہ ہمیں اب اس بات کا یقین ہو گیا ہے کہ گرینڈ سلیم کی کامیابی کے بعد آپ کوارجن ایوارڈ ضرور ملے گا جس کا طویل عرصے سے آپ کو انتظار تھا جبکہ آئیٹا پہلے بھی کئی بار آپ کے نام کی سفارش کر چکا ہے ۔